اسلام آباد میں اچانک سے ہونے والی شدید ژالہ باری نے شہریوں کو حیرت میں ڈال دیا۔ یہ قدرتی منظر جہاں ایک طرف خوبصورتی کا باعث بنا، وہیں دوسری جانب کئی علاقوں میں معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئے۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل، مہر صاحبزاد خان نے “پاکستان میٹرز” سے خصوصی گفتگو میں اس موسمی تبدیلی کو غیر معمولی قرار دینے کے بجائے اپریل کے موسمی فیچرز کا حصہ قرار دیا۔
ان کے مطابق “ہم نے 14 اپریل کو ہی الرٹ جاری کر دیا تھا کہ 16 تاریخ کی شام کو اسلام آباد، کشمیر اور گرد و نواح میں ژالہ باری کا امکان ہے۔”
انہوں نے وضاحت کی کہ ائیر سٹورمز (Air Storms) کا دائرہ بہت محدود ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ اسلام آباد کے کچھ علاقوں میں شدید ژالہ باری ہوئی، جبکہ بعض علاقوں میں صرف بارش دیکھنے میں آئی۔
محکمہ موسمیات نے اس امکان کا اظہار بھی کیا ہے کہ آئندہ بھی اس نوعیت کی ژالہ باری ہو سکتی ہے۔
مہر خان کا کہنا تھا کہ “ایسے موسمی حالات میں شہریوں کو چاہیے کہ وہ سفر سے قبل ہمارے چینلز یا ویب سائٹس سے تازہ ترین معلومات حاصل کریں تاکہ کسی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔“