Follw Us on:

کینال منصوبہ: مطالبات ماننے پڑیں گے‘ بلاول کی حکومت کا ساتھ چھوڑنے کی دھمکی

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے وفاق حکومت کو دھمکی دی ہے کہ اگر حکومت کینال منصوبہ ترک نہیں کرتی تو ہم حکومت کے ساتھ نہیں چلے گے،انہوں نے کہا کہ میں حکومت کو خبردار کرتا ہوں کہ غلط فہمی میں نہ رہیں میں پیچھے نہیں ہٹوں گا ۔

حیدرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ ایک ایسا مسئلہ جو وفاق کو خطرے میں ڈال سکتا ہے، جو عالمی سطح پر پاکستان کو مسئلے میں ڈال سکتا ہے، شیر والوں کا ہر منصوبہ کسان دشمن اور ہاری دشمن ہوتا ہے یہ شیر والے عوام کا خون چوستے ہیں اور کچھ نہیں کرتے، پہلے انہوں نے گندم اسکینڈل کے ذریعے کسانوں کا معاشی قتل کیا، زرعی ٹیکس کے نام پر انہوں نے کسانوں اور ہاریوں کا جینا دوبھر کردیا۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں اور ہاریوں کے معاشی قتل کا بندوبست تو ہوچکا ہے، اب یہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ ریگستان کو زرعی زمین بنائیں گے، یہ لوگ چولستان میں ریگستان پر کاشت کرنا چاہتے ہیں

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ جنگ میری اور آپ کی جنگ ہے اور ہمیں ورثے میں ملی ہے، سب سے پہلے شہید محترمہ بے نظیربھٹو نے پانی کی جنگ لڑی تھی، انہوں نے متنازع ڈیموں کے خلاف آواز اٹھائی تھی، اور ان کے ساتھ ملک بھر کے عوام شریک ہوگئے تھے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم تو متنازع کینالز کے منصوبے کے خلاف مستقل آواز اٹھارہے ہیں، مگر اسلام آباد والے اندھے اور بہرے ہیں، وہ دیکھنے اور سننے کے لیے تیار نہیں، ہم متنازع کینال منصوبے کی مخالفت اصولوں کی وجہ سے کررہے ہیں اور اس لیے کہ میرا وفاق خطرے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حیرت تو اس بات پر ہے کہ ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف اور ن لیگ ایک پیج پر تھے، مگر عوام نے انہیں تاریخی شکست دی اور وہ منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے، یہ سب ایک ہی نکتے ہر ڈٹے تھے کہ پی پی کو ہرانا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ  قیدی نمبر 420 نے ان چھ کینالوں میں سے دو کینالوں کی اجازت دی تھی، تو اس وقت جب عمران خان نے دو کینال کی اجازت دی تو پیپلزپارٹی کے جیالوں نے ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا تھا اور اس کے بعد عوام کی طاقت سے عدم اعتماد لے کر آئے اور دو کینال کی اجازت دینے والے کو گھر بھیج دیا تھا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے عوام سے مخاطب ہوکر مزید کہا کہ آپ نے پیپلزپارٹی کو فتح سے ہمکنار کر کے ثابت کردیا ہے کہ سندھ اور پاکستان کے عوام کینال کے منصوبے کو مسترد کرتے ہیں، پیپلزپارٹی نے اس ملک کے عوام کی جنگ ہمیشہ لڑی ہے، ہم پاکستان کھپے کہنے والوں میں سے ہیں۔

بلاول بھٹونے کہا کہ عین اسی وقت جب دہشت گرد تنظیمیں بلوچستان اور خیرپختونخوا میں حملے کررہی ہیں اور پورے ملک میں دہشت گردی کی آگ لگی ہوئی ہے، آپ نے ایک ایسا موضوع چھیڑ دیا ہے جس سے بھائی کو بھائی سے لڑنے کا خطرہ ہے اور وفاق کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے اور سب سے بڑھ کر ہمارے پیاسے مر جانے کا خطرہ ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ متنازع کینال بنانے والے اسلام آباد میں بیٹھے ہیں، اور ہماری وجہ سے طاقت ان کے پاس ہے، اگر آج شہباز شریف وزیراعظم ہیں تو انہیں سندھ کے عوام کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پی پی کے ووٹرز نے اسلام آباد کو شکست دی ہےاور یہ پیغام بھیجا ہے کہ اس صوبے کے عوام شہید بے نظیر بھٹو اور صدر آصف زرداری کے ساتھ آج بھی کھڑے ہیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس