Follw Us on:

پاکستان یورپی یونین کے ساتھ قابلِ اعتماد دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، مریم نواز

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Maryam nawaz
پنجاب پاکستان کی معیشت کا دل ہے۔ (فوٹو: گوگل)

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یورپی یونین کے پارلیمانی وفد برائے جنوبی ایشیا سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ قابلِ اعتماد دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے یورپی یونین کے پارلیمانی وفد برائے جنوبی ایشیا (DSAS) نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، تعلیم، آئی ٹی، گرین انرجی اور صحت کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے تعلیم، ٹیکنالوجی، ماحولیات اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی، جب کہ تجارت، ترقی اور امن جیسے مشترکہ اہداف کے لیے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین پارلیمانی وفد کی آمد پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان مضبوط، پُرامن اور دوستانہ تعلقات کی علامت ہے۔ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ قابلِ اعتماد دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ یورپی یونین کو صرف شراکت دار نہیں بلکہ عالمی استحکام کی مضبوط آواز بھی سمجھا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: ‘نجکاری نہیں چلے گی‘ گرینڈ ہیلتھ الائنس کا احتجاج شدت اختیار کر گیا

وزیراعلیٰ پنجاب نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ جی ایس پی پلس کے تحت پاکستان کی برآمدات، خاص طور پر ٹیکسٹائل کے شعبے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انسانی حقوق اور لیبر ریفارمز سمیت تمام تقاضے پورے کرنے کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پاکستان کی معیشت کا دل ہے، جہاں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔ زراعت، توانائی، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور ماحولیاتی منصوبوں میں یورپی یونین کے ساتھ تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی گئی۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کا نوجوان طبقہ باصلاحیت اور متحرک ہے، جسے عالمی جاب مارکیٹ سے منسلک کرنے کے لیے جدید ٹریننگ کورسز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ پاکستانی طلبہ تیسرے سال بھی Erasmus Mundus اسکالرشپ حاصل کرنے والوں میں سرفہرست ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان علاقائی و عالمی امن کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ ملاقات کے دوران یورپی یونین کے وفد نے حکومتِ پنجاب کے اختراعی اقدامات کو سراہا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس