Follw Us on:

یو اے ای کے نائب وزیراعظم دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
شیخ عبداللہ بن زاید 20 سے 21 اپریل تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔ (فوٹو: گوگل)

متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق شیخ عبداللہ بن زاید 20 سے 21 اپریل تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔ اعلیٰ سطح کا یہ دورہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان گہرے اور برادرانہ تعلقات کو ظاہر کرتا ہے اور دونوں ممالک کی باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مضبوط تعاون کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان اقتصادی تعلقات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اب یو اے ای چین اور امریکہ کے بعد پاکستان کا تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، نیز غیر ملکی سرمایہ کاری کا ایک بڑا ذریعہ بھی ہے۔

اس دورے کے دوران یو اے ای کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے، جس میں تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں: خلع لینے والی خاتون بھی حق مہر کی حق دار ہے، لاہور ہائیکورٹ

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے سے دونوں ممالک کو باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع ملے گا۔

مزید یہ کہ شیخ عبداللہ بن زاید پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور یو اے ای کے دیرینہ تعلقات کو مستحکم کرے گا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی راہ ہموار کرے گا، جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔

یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات میں 10 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں اور یہ تارکین وطن پاکستان کے لیے ترسیلات زر کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔ اس سے پہلے فروری میں ابو ظبی کے ولی عہد کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک نے مائننگ، ریلوے، بینکنگ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ہم اعلان کریں تو کوئی کنٹینر راستہ نہیں روک سکے گا، حافظ نعیم الرحمان کی حکمرانوں کو وارننگ

گزشتہ سال جنوری میں بھی پاکستان اور یو اے ای کے درمیان ریلوے، اکنامک زونز اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے حوالے سے 3 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے معاہدے ہوئے تھے۔

پاکستان کے طویل معاشی بحران کے بعد، یو اے ای نے پائیدار اقتصادی ترقی کی جانب قدم بڑھانے کے حوالے سے پاکستان کے لیے ایک اہم شراکت دار کا کردار ادا کیا ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس