Follw Us on:

گندم کی قیمت کا معاملہ: پنجاب حکومت نے 110 ارب کے مالیاتی پیکج کا اعلان کردیا

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں گندم کے کاشتکاروں کے لیے 110 ارب روپے کے مجموعی مالیاتی پیکج کا اعلان کیا گیا ہے۔

اجلاس میں دی گئی بریفنگ کے مطابق گندم کے کاشتکاروں کو ویٹ فارمر سپورٹ پروگرام کے تحت 25 ارب روپے فراہم کیے جائیں گے۔ اس اسکیم کے تحت ہر کسان کو فی ایکڑ 5 ہزار روپے جبکہ پانچ ایکڑ پر مجموعی طور پر 25 ہزار روپے دیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے فلور ملوں کو کم از کم 25 فیصد گندم خریدنے کا پابند بنانے کے لیے ضروری قانونی ترامیم کی منظوری بھی دی، جبکہ الیکٹرانک وئیر ہاؤسنگ ری سیٹ پالیسی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

مزید برآں، بینک آف پنجاب کو 100 ارب روپے کی کریڈٹ لائن فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ گندم خریداری کے دوران کسانوں کو بروقت ادائیگی یقینی بنائی جا سکے۔ پرائس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو بھی اس مہم میں شامل کیا گیا ہے تاکہ شفافیت اور نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔

کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں نے اب تک 55 ارب روپے کے زرعی مداخل خریدے ہیں، جبکہ انہیں 9500 ٹریکٹرز پر 10 ارب روپے اور 1000 ٹریکٹرز مفت میں 2.5 ارب روپے کی لاگت سے فراہم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن پر 8 ارب روپے، اور 5000 سپر سیڈرز پر 8 ارب روپے کی سبسڈی جاری کی گئی ہے۔

صوبے بھر میں گندم اگاؤ مقابلہ بھی منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے کاشتکار کو 85 ہارس پاور کا ٹریکٹر بطور انعام دیا جائے گا جس کی مالیت 45 لاکھ روپے ہے۔ اسی طرح دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والوں کو بالترتیب 40 لاکھ اور 35 لاکھ روپے مالیت کے ٹریکٹرز دیے جائیں گے۔ ہر ضلع کے نمایاں کاشتکاروں کے لیے 10 لاکھ، 8 لاکھ، اور 5 لاکھ روپے کے انعامات بھی مختص کیے گئے ہیں، اور مجموعی طور پر 10 کروڑ 40 لاکھ روپے انعامات میں دیے جائیں گے۔

کاشتکاروں کی رہنمائی کے لیے 1.25 ارب روپے کی لاگت سے ایگریکلچر انٹرنی پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت 1000 انٹرنی فیلڈ میں کسانوں کی معاونت کر رہے ہیں۔

اگیتی کپاس کاشت کرنے والے کسانوں کو بھی نظر انداز نہیں کیا گیا، انہیں 25 ہزار روپے فی بلاک کے حساب سے مجموعی طور پر ساڑھے 37 کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے۔

یہ کسان دوست اقدامات پنجاب میں زراعت کے شعبے کو مضبوط بنانے کی طرف ایک بڑا قدم ہیں، جس سے نہ صرف کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا بلکہ ملکی غذائی تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس