ہوا میں اُڑتا ایک معمولی سا ٹیسٹ مشن چند ہی لمحوں میں سانحے میں بدل گیا۔ تھائی لینڈ کے مشہور سیاحتی مقام ہوا ہِن کے قریب ایک چھوٹا پولیس طیارہ اچانک سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا اور اس حادثے میں کم از کم پانچ پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ صبح آٹھ بجے کے قریب پیش آیا جب پولیس کا ایک پروپیلر طیارہ پیراشوٹ ٹریننگ کی تیاری کے لیے تجرباتی پرواز کر رہا تھا۔
رائل تھائی پولیس کے ترجمان ‘آرچایون کرائیتھونگ’ کے مطابق طیارے میں کل چھ اہلکار سوار تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تمام افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے مگر بعد میں ترجمان نے وضاحت کی کہ ایک افسر شدید زخمی حالت میں زندہ ہے اور اسپتال میں زیر علاج ہے۔
حادثہ ہوا ہن ایئرپورٹ کے قریب پیش آیا جب اچانک طیارہ بےقابو ہو کر سمندر میں تقریباً 100 میٹر دور جا گرا۔
طیارے کے گرنے کا منظر دل دہلا دینے والا تھا جبکہ طیارے کا ملبہ دو ٹکڑوں میں تقسیم ہو چکا تھا اور نیلے پانی میں تیر رہا تھا۔
اگرچہ حکام نے ابھی تک طیارے کے ماڈل کی تصدیق نہیں کی لیکن جائے حادثہ کی تصاویر میں “وائکنگ ڈی ایچ سی-6 ٹوِن آٹر” طیارہ دکھائی دے رہا ہے۔
حادثے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آئی تاہم تحقیقاتی ٹیمیں بلیک باکس اور دیگر شواہد اکٹھے کر رہی ہیں تاکہ حقائق کی تہہ تک پہنچا جا سکے۔
پولیس مشن کے اس ہولناک حادثے کہ بعد اب تحقیقات کا انتظار ہے لیکن دردناک حقیقت یہ ہے کہ پانچ پولیس اہلکار اپنا فرض ادا کرتے ہوئے جان کہ بازی ہار گئے۔
مزید پڑھیں: غزہ میں اسرائیلی فورسز کا حملہ: ایک ہی گھر کے 12 افراد شہید