کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے شہر کے دو اضلاع، سائٹ اور کیماڑی میں دو ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی۔
نجی نشریاتی ادارے اے آر وائی نیوز کے مطابق جاری کردہ حکم نامے میں پولیس کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔ دفعہ 144 کا اطلاق 24 جون 2025 تک برقرار رہے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گرین بیلٹس، عوامی مقامات اور فٹ پاتھوں پر غیر قانونی قبضے اور ملبہ پھینکنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید پڑھیں: عمران خان حملہ کیس: مرکزی ملزم نوید کو دو بار عمر قید کی سزا سنادی گئی
یاد رہے کہ رواں ماہ کمشنر کراچی نے شہر میں ٹریفک حادثات پر قابو پانے کے لیے بھی دفعہ 144 کے تحت صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کی تھی۔
اس پابندی کا اطلاق مال بردار گاڑیوں سمیت تمام ہیوی ٹریفک پر ہوگا اور یہ پابندی بھی دو ماہ کے لیے نافذ العمل ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کی سہولت، ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانا اور شہر کے عوامی مقامات کو غیر قانونی تجاوزات سے محفوظ رکھنا ہے۔