لاہور میں پاکستان کی پہلی ایسی سڑک تیار کر لی گئی ہے جو بجلی پیدا کرے گی۔ اس سڑک کا نام “روٹ 47” رکھا گیا ہے اور یہ ساڑھے چار کلومیٹر لمبی ہے۔ سڑک کے ساتھ خوبصورت جھیل اور سائیکل ٹریک بھی بنایا گیا ہے جو شہریوں کے لیے ایک دلکش تفریح گاہ بن جائے گا۔
یہ ہائی ٹیک سڑک سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی) نے تقریباً 9 ارب روپے کی لاگت سے بنائی ہے۔ یہ سڑک کلمہ چوک، فیروز پور روڈ، گلبرگ، والٹن روڈ اور لاہور رنگ روڈ جیسے اہم علاقوں کو آپس میں جوڑتی ہے۔
روٹ 47 پر ایک بڑا فلائی اوور بھی بنایا گیا ہے، اور پیدل چلنے والوں اور سائیکل سواروں کے لیے الگ لائنز بنائی گئی ہیں۔ بارش کے پانی کے لیے خاص نالیاں (ڈرینج سسٹم) بھی لگائی گئی ہیں۔
سب سے خاص بات یہ ہے کہ سڑک کے ساتھ سولر پینلز لگائے گئے ہیں جو 1.5 میگا واٹ تک بجلی پیدا کریں گے اور چلنے والوں کو سایہ بھی دیں گے۔
اتوار کے دن وزیر اعلیٰ پنجاب، مریم نواز اس سڑک کا باقاعدہ افتتاح کریں گی اور روٹ 47 عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔