پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے حب پاور کمپنی کی ذیلی کمپنی ایچ جی ایل اور بی وائے ڈی پاکستان نے ملک بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ نیٹ ورک قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
منصوبے کے تحت آئندہ تین برسوں میں پورے ملک میں تقریباً 128 ڈی سی فاسٹ چارجنگ اسٹیشنز لگائے جائیں گے، جن میں سے 50 اسٹیشنز دسمبر 2025 تک مکمل کیے جائیں گے۔ نیٹ ورک کو تین اہم علاقوں میں اسٹریٹجک انداز میں پھیلایا جائے گا۔
شہری علاقوں میں یہ سہولت پی ایس او، پارکو گنور اور اٹک پیٹرولیم جیسے بڑے آئل مارکیٹنگ اداروں کے اشتراک سے فراہم کی جائے گی۔ شہر سے شہر کے درمیان ہائی ویز اور موٹرویز پر ہر 150 سے 200 کلومیٹر کے فاصلے پر چارجنگ پوائنٹس قائم کیے جائیں گے تاکہ طویل سفر کے دوران گاڑیوں کو آسانی سے چارج کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا ایلون مسک واقعی ٹیسلا کو خیرباد کہنے والے ہیں؟
اس کے علاوہ، مالز، ہوٹلز، اسپتالوں اور دیگر تجارتی مقامات پر “ڈیسٹینیشن چارجنگ” پوائنٹس بنائے جائیں گے تاکہ صارفین کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں متعدد اہم چارجنگ اسٹیشنز پہلے ہی فعال ہیں، جن میں پی ایس او اسٹیشنز اور بی وائے ڈی پاکستان کی ڈیلرشپس شامل ہیں۔
بی وائے ڈی پاکستان کے نائب صدر سیلز اینڈ اسٹریٹجی، دانش خالق کے مطابق، پاکستانی صارفین میں نیو انرجی وہیکلز کے حوالے سے سب سے بڑی رکاوٹ رینج اینگزائٹی ہے۔
حب پاور کمپنی کے نائب صدر پراجیکٹس، مسعود ظفر نے کہا کہ ایک سبز ٹرانسپورٹ انقلاب کی بنیاد وسیع اور باآسانی دستیاب انفراسٹرکچر پر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بی وائے ڈی پاکستان کے ساتھ یہ منصوبہ نہ صرف ٹیکنالوجی میں پیش رفت ہے بلکہ پاکستان کی پائیدار ترقی اور قومی سطح پر مثبت تبدیلی کی کوششوں کا حصہ ہے۔
یہ منصوبہ حکومت پاکستان کے موسمیاتی اہداف سے ہم آہنگ ہے اور ملک کے کاربن اخراج کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔ بی وائے ڈی پاکستان ان ابتدائی آٹو مینوفیکچررز میں شامل ہو گیا ہے جنہوں نے بڑے پیمانے پر انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے پاکستان میں پائیدار ترقی کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کیا ہے۔