پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کا 23واں میچ آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا، جس میں گلیڈی ایٹرز نے یونائیٹد کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے یونائیٹڈ کو بلےبازی کی دعوت دی، یونائیٹڈ نے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائےاور گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 158 رنز کا ہدف دیا۔
یونائیٹڈ کی جانب سے محمد نواز 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جب کہ صاحبزادہ فرحان نے 39 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں کائل میئرز نے 22، کولن منرو نے 9، آغا سلمان بغیر کھاتہ کھولے، آندریز گھاؤس 8، محمد شہزاد صفر اور حیدر علی 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

گلیڈی ایٹرز کی جانب سے فہیم اشرف نے انتہائی عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے یونائیٹد کے 4 بلے بازوں کو چلتا کیا۔ ان کے علاوہ کائل جیمیسن نے 2، جب کہ خرم شہزاد، ابرار احمد اور سعود شکیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب کے لیے گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کپتان سعود شکیل اور فن ایلن آئے، مگر شکیل زیادہ دیر کریز پر ٹک نہ سکے اور محض 7 رنز بناکر چلتے بنے۔ گلیڈی ایٹرز کا ایک کے بعد ایک کھلاڑی آتا اور چلتا بنتا۔
کوئٹہ کے حسن نواز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 64 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی اور اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کے علاوہ رائلی روسو 27 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، جب کہ فن ایلن نے 20، مارک چیپ مین نے 2، حسیب اللہ نے 7 اور محمد وسیم جونیئر نے 10 رنز اسکور کیے۔

اسلام آباد کی جانب سے نسیم شاہ اور سلمان ارشاد نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ جیسن ہولڈر، محمد نواز اور آغا سلمان کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے آخری اوورز میں تین اہم کیچز ڈراپ کیے گئے، جب کوئٹہ کو جیت کے لیے صرف 15 رنز درکار تھے، جو میچ کے نتیجے پر اثرانداز ہوئے۔
مزید یہ کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان انجری کی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں اور ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا نے کی، جب کہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سعود شکیل نے کی۔