وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے وفد کے ہمراہ انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں موجودہ سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
منگل کے روز شہباز شریف نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ، وزیر دفاع اور سروسز چیفس کے ہمراہ اسلام آباد میں آئی ایس آئی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں قیادت کو علاقائی سلامتی پر پیشرفت اور بڑھتے ہوئے خطرات، روایتی فوجی آپشنز ہائبرڈ جنگی حکمت عملی اور دہشتگرد پراکسی سے آگاہ کیا گیا۔
وزیر اعظم اور ان کے ساتھ موجود معززین نے بغیر کسی رکاوٹ کے بین ایجنسی کوآرڈینیشن اور پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کو روکنے اور فیصلہ کن طور پر جواب دینے کے لیے آپریشنل تیاری کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ایجنسی کی پیشہ ورانہ مہارت اور ذہانت کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے قومی مفادات کے تحفظ اور پیچیدہ اور متحرک حالات میں باخبر قومی سلامتی سے متعلق فیصلہ سازی کے قابل بنانے میں اس کے اہم کردار کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم ہماری بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے۔ پاکستان آرمی دنیا کی سب سے زیادہ پیشہ ور اور نظم و ضبط کی حامل افواج میں سے ایک ہے۔
مزید پڑھیں: سپر ٹیکس کیس، پورے ملک سے پیسہ اکٹھا ہو رہا ہے، حق بھی پورے ملک کا ہے، سپریم کورٹ
قیادت نے وطن کے دفاع کے لیے پاکستان کے غیر مبہم عزم کا اعادہ کیا اور اس بات سے آگاہ کیا کہ قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ مسلح افواج قومی طاقت کے دیگر تمام عناصر اور ریاستی اداروں کے تعاون سے ہر حال میں پاکستان کی سلامتی، وقار اور عزت کو برقرار رکھنے کے لیے پوری طرح تیار رہیں۔