سری لنکا کے وسطی پہاڑی علاقے میں زائرین سے بھری ایک بس پہاڑ سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ اس افسوسناک حادثے میں کم از کم 21 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔
یہ واقعہ اتوار کی صبح کوٹمالے قصبے کے قریب پیش آیا، جو دارالحکومت کولمبو سے تقریباً 140 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔ بس ایک پہاڑی راستے سے گزر رہی تھی جب وہ اچانک قابو سے باہر ہو کر کھائی میں جا گری۔
نائب وزیر برائے ٹرانسپورٹ پرسنا گونا سینا نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کم از کم 14 افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: ’پاکستان کی تاریخی جیت‘ وزیراعظم شہباز شریف کا آج یوم تشکر منانے کا اعلان
ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا گیا کہ بس کھائی میں الٹ چکی تھی اور امدادی کارکن ملبے میں پھنسے مسافروں کو نکالنے میں مصروف تھے۔
یہ سرکاری بس کمپنی کی گاڑی تھی جو جنوبی شہر کتراگاما سے زائرین کو لے کر کورونیگالا جا رہی تھی، جو کہ تقریباً 250 کلومیٹر دور ہے۔
حکام حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں، جبکہ مقامی لوگوں اور ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی تھیں۔