صوبائی وزیرِاطلاعات پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان، اس کے عوام اور مسلح افواج کو سرخرو کیا، افواجِ پاکستان نے دشمن کو سبق سکھایا، مودی نے ٹرمپ سے درخواست کیا کہ ہمیں بچا لو۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان نے ہمت اور بہادری کی ایک اور داستان رقم کی ہے، جنگی جنون میں مبتلا انڈیا کا غرور خاک میں مل گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی کا اکھنڈ بھارت کا خواب چکنا چور ہوچکا ہے، شاہینوں نے دشمن کے ٹھکانے تباہ کیے۔ دنیا پاک فضائیہ کو بہترین فضائیہ قرار دینے پر مجبور ہے۔
صوبائی وزیرِاطلاعات نے کہا کہ”آج جب جی ایف-17 تھنڈر طیارے پاکستان کی فضائی قوت کی شان بن چکے ہیں، تو ہمیں میاں محمد نواز شریف کو یاد کرنا چاہیے۔ وہ پہلے رہنما تھے، جنہوں نے ان طیاروں کے منصوبے کو سنجیدگی سے دیکھا اور اس خواب کو حقیقت بنانے کے لیے بنیاد رکھی۔
ان کا کہنا تھا کہ اُن کے بعد کئی حکمران آئے، جنہوں نے جی ایف تھنڈر کے ساتھ تصویریں تو بنوائیں، لیکن یہ حقیقت ہے کہ اس پروگرام کی ابتدائی بصیرت میاں نواز شریف کی قیادت میں سامنے آئی۔”
انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ مودی نے ٹرمپ سے درخواست کیا کہ ہمیں بچا لو، پاک فضائیہ نے جنگی تاریخ میں پہلی بار رافیل طیارے گرائے۔ عظیم فتح پر آج پوری قوم یومِ تشکر منارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا کے عوام مودی سے ہزیمت کا جواب مانگ رہے ہیں، پاکستان نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ پاکستانی شاہینوں نے دشمن کے ایئر بیسز، ہیڈ کوارٹرز اور دفاعی تنصیبات کو مؤثر نشانہ بنایا جس سے انڈیا کا ڈیفنس سسٹم مفلوج ہو کر رہ گیا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جی ایف تھنڈر طیاروں نے جدید ترین رافیل طیاروں کو مار گرایا، جس پر عالمی ماہرین نے پاکستانی فضائی صلاحیتوں کو سراہا۔ فرانس میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، جہاں رافیل کی سیکیورٹی پر سوالات اٹھنے لگے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی سائبر ماہرین نے انڈیا کے ڈیفنس نیٹ ورک کو ہیک کر کے پورا نظام مفلوج کر دیا، جب کہ انڈین میڈیا کو اپنے نقصانات چھپانے کے لیے جھوٹے بیانیے کا سہارا لینا پڑا۔
مزید پڑھیں: سکھ فار جسٹس کا انڈین حملوں میں شہید پاکستانیوں کے خاندانوں کی امداد کا اعلان
انہوں نے کہا کہ یہ حملہ جنگ نہیں بلکہ انصاف کا قرض چکانا تھا جو کہ ادا کر دیا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستانی قوم آج یوم تشکر منا رہی ہے اور پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کر رہی ہے، تمام پاکستانی طیارے اور جوان بحفاظت واپس لوٹے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ پاک فوج تنخواہ کے لیے نہیں، شہادت کے لیے لڑتی ہے۔ پاکستان نے میدان جنگ کے ساتھ ساتھ میڈیا پر بھی برتری ثابت کر دی۔