سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم شاہد آفریدی نے انڈین میڈیا اور حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈیا کو اب اندازہ ہو چکا ہے کہ پاکستان سے الجھنا مہنگا ثابت ہوا ہے، انڈین میڈیا 50 فیصد بالی ووڈ اور 50 فیصد کارٹون نیٹ ورک ہے۔
نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق سی ویو کراچی پر آپریشن’ بُنیان مّرصُوص’ کی کامیابی اور انڈین جارحیت کے منہ توڑ جواب کے بعد منعقدہ یومِ تشکر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ ہم امن کے سفیر ہیں، پاکستان کی افواج کو سلیوٹ پیش کرتے ہیں، پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔ پاکستان کا ایک ایک بچہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ انڈیا نے نہتے شہریوں اور معصوم بچوں کو نشانہ بنایا، مساجد پر حملے کیے ، جب کہ پاکستان نے صرف دہشتگردوں کو نشانہ بنایا۔ اگر ہمت ہے تو ہماری فوج سے لڑو، تاکہ اندازہ ہو کہ اصل طاقت کس کے پاس ہے۔
انہوں نے انڈین وزیر اعظم مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی پوری دنیا میں انڈیا کو بدنام کر رہا ہے، جب کہ انڈین عوام امن اور محبت چاہتی ہے۔

شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کا راستہ اپنایا ہے، لیکن دنیا کو اب یہ بھی دکھا دیا ہے کہ اگر جارحیت کی گئی تو ہم جواب دینا جانتے ہیں۔ ہم نے حملے کے وقت کہا تھا کہ دنیا دیکھے گی اور دنیا نے دیکھ لیا۔ انڈیا کو ہماری صلاحیتوں کا اندازہ نہیں تھا، مگر اب ہو چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کا خود شکار رہا ہے، 70 سے 80 ہزار لوگ شہید ہو چکے ہیں اور بغیر کسی ثبوت کے ہم پر الزامات لگائے گئے۔ مودی نے صرف پاکستان ہی نہیں، کینیڈا میں سکھوں پر حملے کر کے انڈیا کو بھی عالمی سطح پر رسوا کیا ہے۔
مزید پڑھیں: ’نقصانات لڑائی کا حصہ‘، رافال طیارے گرنے کے سوال پر انڈین فضائیہ کا جواب
شاہد آفریدی نے کہا کہ ہم محبت کی بات کرتے ہیں، کرکٹ کھیلنے دو، لوگ ملیں، تعلقات بہتر ہوں لیکن افسوس کہ انڈیا میں نفرتیں پھیلائی جا رہی ہیں۔