دنیا تیزی سے ٹیکنالوجی کی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے اور جدید دور کی اختراعات مصنوعی ذہانت اور الیکٹرک گاڑیوں میں نمایاں ہیں۔ الیکٹرک کاروں نے نہ صرف خام تیل کے ذخائر کے حوالے سے خدشات کو کم کیا ہے بلکہ انہیں ماحول دوست اور قابل اعتماد ذرائع سفر کے طور پر بھی اپنایا جا رہا ہے۔ مختلف کمپنیاں ان گاڑیوں میں نت نئی خصوصیات متعارف کرا رہی ہیں تاکہ مستقبل کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔
گزشتہ ہفتے امریکہ کے شہر لاس ویگاس میں کاروں کا میلا سجایا گیا جس میں کاروں کی مختلف کمپنیز نے اپنے نئے ماڈل متعارف کرائے۔ اس میلےمیں چین میں ٹیسلا کا نیا ماڈل اور فورڈ کی مہنگی ترین اسپورٹس کار بھی متعارف کروائی گئی ، جس کی رفتار 325 کلومیٹر فی گھنٹہ بتائی گئی ہے۔
جاپانی کمپنی ہنڈانے لاس ویگاس میں منعقدہ کنزیومر الیکٹرانکس شو میں دو نئےالیکٹرک ماڈلز متعارف کرائے ہیں جنھیں زیرو سیریز کا نام دیا گیا ہےاور یہ ماڈلز 2026 ءمیں مارکیٹ میں پیش کیے جائیں گے۔

غیر ملکی نیوز چینل بی بی سی نیوز کے مطابق ہنڈاکا زیرو سیریز میں لانچ ہونے والا پہلاماڈل ایک ایس یو وی ہے۔ اس گاڑی کےڈیزائن کا اگلا حصہ کم و بیش روایتی ہے تاہم اس کار کا پچھلا حصہ چھوٹے شیشے، اونچی اور لمبی باڈی اور یو شیپ لائیٹوں کے ساتھ اسے ایس یو وی کاروں کی مارکیٹ میں منفرد بناتا ہے۔
بی بی سی نیوز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہنڈا نے ابھی تک ان کاروں کی تکنیکی تفصیلات جاری نہیں کی ہے، لیکن یہ کاریں ایک چارج پر 482 کلومیٹر کا فاصلہ طے کریں گی۔ اس کے علاوہ گاڑی کا سٹیئرنگ وہیل بھی مکینکلی ٹائروں کے ساتھ منسلک نہیں ہے بلکہ اسے الیکٹرانک طریقے سے کنٹرول کیا جاتا ہے۔

جاپانی کار مینوفیکچرنگ کمپنی ہونڈا کے مطابق یہ نیا آپریٹنگ سسٹم کار ڈرائیور کے مزاج اور عادات کو سمجھنے اور جاننے کی صلاحیت رکھتا ہے، یہ ڈرائیور کے مزاج کے مطابق کار کے فیچرز اور ماحول کو ترتیب دیتا ہے۔ اس آپریٹنگ سسٹم میں مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا گیا ہے، اس کے علاوہ کار میں ڈرائیور سے بات کرنے کی صلاحیت بھی ہوگی۔
کارمینوفیکچرنگ کمپنی ہونڈا کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں دیکھایا گیا ہے کہ کس طرح آپریٹنگ سسٹم کی مدد سے آسیمو کو ڈرائیور بتاتا ہے کہ وہ کچھ اچھا محسوس نہیں کر رہا اور وہ اداس ہے، جس کے بعد آسیمو ڈرائیور کےلیے ایک خوشگوار گانا چلاتا ہے۔

مزید یہ کہ ہنڈا کے ان نئے ماڈل میں اے آئی کے ہونے کی وجہ سے کچھ سڑکوں پر ڈرائیور اسٹیئرنگ سے ہاتھ اٹھا سکتا ہے اور کار خود کار ٹیکنالوجی کی مدد سے چلتی رہے گی۔ ان ماڈلز کے علاوہ سات اور ماڈلز بھی 2030 تک مارکیٹ میں متعارف کرائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ہنڈا نے ایک اور افیلا نامی الیکٹرک کار تیار کرنے کے لیے جاپانی کمپنی سونی کارپوریشن کے ساتھ بھی اشتراک کر رکھاہے۔ یہ کار اگلے برس سے مارکیٹ میں فروخت کے لیے دستیاب ہو گی اور اس کی تعارفی قیمت 90 ہزار ڈالرز رکھی گئی ہے۔

دنیا میں بڑھتے ہوئے ٹیکنالوجی کے رجحانات کے ساتھ الیکٹرک گاڑیاں انسانی زندگی کو آسان بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ یہ گاڑیاں خام تیل کے ذخائر کے تحفظ کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ میں بھی اہم ہیں اور مہنگے تیل پر انحصار کم کر رہی ہیں۔ ہنڈا کا زیرو سیریز کا منصوبہ انقلابی اقدامات کی ایک مثال ہے جو ٹیکنالوجی کے مستقبل کی راہ ہموار کر رہا ہے۔