حالیہ کشیدگی اور پھر سیز فائر کے بعد، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے سکھ برادری کے نمائندہ وفد نے اسلام آباد میں خصوصی ملاقات کی، جس میں علاقائی حالات، امن و امان اور بین المذاہب ہم آہنگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پوری قوم پاکستان کی حفاظت اور سالمیت کے لیے متحد ہے اور ہر سطح پر پاکستان کے مفادات کے تحفظ کے لیے یکسو ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کا دفاع ہر پاکستانی کی اولین ترجیح ہے۔
دوسری جانب سکھ وفد نے پاکستان کی کامیابیوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج کے کردار کو سراہا۔
وفد کا کہنا تھا کہ وہ مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

یاد رہے کہ دنیا بھر میں بسنے والی سکھ کمیونٹی کی جانب سے پاک فوج سے جذباتی اور نظریاتی تعلق کا اعادہ کیا گیا ہے۔
انٹرنیشنل ورلڈ سکھ پارلیمنٹ، سکھ ڈائس پورا اور دیگر عالمی تنظیموں نے اپنے بیانات میں پاکستان اور پاک فوج کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
امریکا، برطانیہ، کینیڈا، یورپ، سوئٹزرلینڈ اور انڈیا سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم سکھوں نے واضح کیا ہے کہ وہ امن، رواداری اور وحدت کے پیغام پر قائم ہیں اور کسی بھی سیاسی یا مذہبی تعصب کو فروغ نہیں دیں گے۔