ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
ترک کابینہ سے اجلاس میں صدر ایردوان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی پر خوشی ہے، ہم نےکشمیر میں دہشت گرد حملے اور پاکستان پر میزائل حملوں پر واضح مؤقف دیا۔
صدر ایردوان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان انتہائی خطرناک تناؤ کو کم کرنےکے لیے انتھک کوششیں کیں، اپنے بھائی وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا اور ان سے اہم گفتگو ہوئی، ہم نے پاکستانی بھائیوں کو ان کے صبر و تحمل اور دانشمندانہ مؤقف پر مبارک باد دی۔
مزید پڑھیں: پاکستان ریاستی دہشت گردی کے الزامات مسترد کرتا ہے، انڈیا خود دہشت گردی کا شکار ہے، دفتر خارجہ
صدر ایردوان کا مزید کہنا تھا کہ ترکیہ پاکستانی قوم کے ساتھ ان کے اچھے اور برے دنوں میں کھڑا رہےگا۔
ترک صدر نے پاکستان کو مشورہ دیا کہ اشتعال انگیزی میں نہ پھنسیں۔ خواہاں ہیں کہ جنگ بندی سے قائم ہونے والا پرسکون ماحول تمام مسائل، بالخصوص پانی کے مسئلے، کے حل کو آسان بنائےگا۔