Follw Us on:

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا چینی ہم منصب کی دعوت پر بیجنگ کا تین روزہ دورہ، ’علاقائی صورتحال‘ پر بات ہوگی

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Ishaq dar

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار تین روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ ہو گئے ہیں۔ یہ دورہ چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی دعوت پر ہو رہا ہے۔

حالیہ دنوں میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کے بعد انڈیا نے بغیر ثبوت کے اس کا الزام پاکستان پر لگا دیا۔ اس کے بعد بھارت کے فضائی حملوں میں پنجاب اور آزاد کشمیر میں شہری جاں بحق ہوئے، جس پر پاکستان نے پانچ انڈین طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا۔

ڈرونز اور ایئر بیسز پر حملوں کے بعد 10 مئی کو امریکی مداخلت سے جنگ بندی ہوئی، مگر انڈیا کا جارحانہ رویہ اب بھی برقرار ہے جبکہ پاکستان نے بات چیت کی پیشکش کرتے ہوئے مزید کشیدگی بڑھانے سے روکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انڈین شہر حیدرآباد میں شدید آگ، چھ بچوں سمیت 17 افراد ہلاک ہوگئے

19 سے 22 مئی کے اس دورے کے دوران، وزیر خارجہ اسحاق ڈار چینی وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے۔ دونوں رہنما جنوبی ایشیا کی بدلتی ہوئی صورتحال اور اس کے امن و استحکام پر اثرات کا گہرائی سے جائزہ لیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ پاک چین تعلقات کے تمام پہلوؤں پر بات چیت کریں گے اور علاقائی و عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

Ishaq dar.

چین کے اس دورے کو پاکستان اور چین کے درمیان جاری اعلیٰ سطحی سفارتی رابطوں کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ اس موقع پر افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی بھی بیجنگ میں موجود ہوں گے۔ جس کے بعد تینوں ممالک پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کی سہ فریقی ملاقات ہو گی تاکہ خطے کے امن و سلامتی پر مشترکہ حکمت عملی پر بات ہو سکے۔

اسحاق ڈار نے روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین ہفتوں میں ان کی چینی وزیر خارجہ سے دو بار فون پر بات ہوئی اور انہیں یہ دورہ کرنے کی دعوت دی گئی۔ دورے کے دوران وہ انڈیا کے ساتھ حالیہ کشیدگی، خطے کی سیاسی صورتحال، اور عالمی حالات پر چینی قیادت سے تفصیلی گفتگو کریں گے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ وہ دنیا کے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے میں ہیں اور انہوں نے ان رابطوں میں انڈیا کی طرف سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو بے نقاب کیا ہے، جن میں پاکستان کی جوہری تنصیبات پر حملے کا الزام بھی شامل ہے۔

چینی حکومت نے بھی حالیہ دنوں میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے دوران انڈیا کے ساتھ کشیدہ صورتحال کے دوران پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کا کہا ہے۔ چین نے پاکستان کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کیا ہے، خاص طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری جیسے منصوبوں کے ذریعے، جنہیں پاکستان کی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی قرار دیا جاتا ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس