پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے فائنل میں لاہور قلندرز نےکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دے کر تیسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں کوئٹہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز نے 202 رنز کا ہدف زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کیا۔ ٹیم کی فتح میں کوشل پریرا نے نمایاں کردار ادا کیا، جو 62 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ سکندر رضا نے آخری لمحات میں صرف سات گیندوں پر 22 قیمتی رنز جوڑ کر میچ کا رخ موڑ دیا۔
اس شاندار کارکردگی کے باعث کوشل پریرا کو فائنل کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ٹورنامنٹ میں سب سے نمایاں بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حسن نواز کو بیٹر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز حاصل ہوا۔ شاہین شاہ آفریدی نے پورے ایونٹ میں شاندار باؤلنگ کی اور ایونٹ کے بہترین بولر قرار پائے۔
یہ بھی پڑھیں: شام پر امریکی پابندیوں کا خاتمہ: فلسطینی مزاحمت کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا یا مشرقِ وسطیٰ میں نئی صف بندی کا پیش خیمہ؟

سکندر رضا کو آل راؤنڈ کارکردگی پر بہترین آل راؤنڈر کا اعزاز دیا گیا، جبکہ لاہور قلندرز کے محمد نعیم کو ایمرجنگ پلیئر آف دی لیگ تسلیم کیا گیا۔ حسن نواز کی مجموعی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے انہیں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ٹائٹل بھی دیا گیا۔
لاہور قلندرز کو اس فتح کے ساتھ پانچ لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم حاصل ہوئی جو کہ پاکستانی کرنسی میں تقریباً 14 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔ رنر اپ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حصے میں دو لاکھ امریکی ڈالر کی رقم آئی، جو کہ پانچ کروڑ ساٹھ لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔