پاکستانی جیولن تھرو اسٹارز ارشد ندیم اور محمد یاسر نے جنوبی کوریا میں جاری 26ویں ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
جمعہ کو جنوبی کوریا میں منعقدہ چیمپیئن شپ جہاں ارشد ندیم نے اپنی پہلی کوشش میں 83.34 میٹر کی شاندار تھرو کی۔ اس کارکردگی کی بدولت وہ براہِ راست فائنل میں پہنچ گئے۔ ان کے مقابل انڈیا کے یش ویر سنگھ نے پہلی باری میں 76.67 میٹر کی تھرو کی۔ محمد یاسر نے 76.07 میٹر کی تھرو کے ساتھ مجموعی طور پر نویں پوزیشن حاصل کی اور فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: دوسرا ٹی 20: بنگلہ دیش کو 57 رنز سے شکست، پاکستان کی سیریز میں فیصلہ کن برتری
جیولن تھرو کا فائنل 31 مئی کو ہو گا۔ اس سے پہلے ارشد ندیم نے ایک ویڈیو پیغام میں عوام سے دعاؤں کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ مقابلہ ان کا پیرس اولمپکس کے بعد پہلا ایونٹ ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ قوم ان کے لیے دعا کرے تاکہ وہ پاکستان کے لیے فائنل میں اچھی کارکردگی دکھا سکیں اور میڈل جیت سکیں۔

ارشد ندیم نے گزشتہ برس پیرس اولمپکس میں سب سے لمبی جیولن تھرو کرتے ہوئے سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ ان کی یہ کامیابی اس لیے بھی خاص سمجھی جاتی ہے کیونکہ وہ پنجاب کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں پیدا ہوئے تھے جہاں ان کا گھر کچی اینٹوں سے بنا ہوا تھا۔ انہوں نے جیولن پھینکنے کی مشق اپنے طور پر گندم کے کھیتوں میں کی۔
ملک کے لیے ان کی خدمات اور کامیابی کو سراہتے ہوئے حکومت پاکستان نے انہیں ہلال امتیاز سے نوازا، جو ملک کا دوسرا سب سے بڑا سول ایوارڈ ہے۔