عالمی تحقیقی ادارے ایپسوس کے تازہ ترین سروے میں پاکستانی عوام کی اکثریت نے ملک کی معاشی اور سماجی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایپسوس کے تازہ ترین سروے کے مطابق 58 فیصد پاکستانیوں نے ملک کی موجودہ سمت کو غلط قرار دیا ہے، جب کہ 62 فیصد شہریوں نے مہنگائی کو سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا۔ اسی طرح 57 فیصد افراد کے نزدیک بیروزگاری اس وقت ملک کو درپیش اہم ترین چیلنج ہے۔
رپورٹ کے مطابق 48 فیصد پاکستانیوں نے ملکی معاشی صورتحال کو کمزور قرار دیا، جب کہ 81 فیصد شہریوں نے اعتراف کیا کہ انہیں روزمرہ گھریلو اشیاء کی خریداری میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
مزید پڑھیں: پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں ہونے دیں گے، وزیراعظم شہباز شریف
سروے میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ 38 فیصد عوام آئندہ چھ ماہ میں معیشت کو مزید کمزور ہوتا دیکھ رہے ہیں، جب کہ 44 فیصد پاکستانیوں نے اپنی ذاتی معاشی حالت کو انتہائی کمزور قرار دیا ہے۔
ایپسوس کی رپورٹ کے مطابق 83 فیصد شہریوں نے بتایا کہ پچھلے سال کی نسبت اس سال کپڑے، گاڑی اور جائیداد خریدنا ان کے لیے نہایت مشکل ہو چکا ہے۔
اس کے علاوہ 70 فیصد افراد اپنی ملازمت یا کاروبار کے حوالے سے بھی غیریقینی اور عدم اعتماد کا شکار نظر آتے ہیں۔