محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور منگل، بدھ اور جمعرات کے دوران موسم مزید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں ہیٹ ویو کی شدت کے پیشِ نظر شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صبح 11 بجے سے شام 4 بجے کے درمیان براہ راست دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں تاکہ گرمی کے منفی اثرات سے بچا جا سکے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک، جب کہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہے گا۔ شام یا رات کے وقت گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق 9 جون سے 12 جون کے دوران ملک کے بالائی علاقوں، جن میں وسطی و بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان شامل ہیں، میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی پیش گوئی ہے، جب کہ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے علاقوں میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری تک معمول سے زائد رہے گا۔

اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک اور شدید گرم رہنے کی توقع ہے اور دن کے وقت تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی، تاہم چترال، دیر اور ملحقہ علاقوں میں شام یا رات کے اوقات میں جزوی طور پر مطلع ابرآلود اور ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کے ساتھ دوپہر کے بعد گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقے بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے اور ان علاقوں میں تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کی پیش گوئی ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی دن کے وقت موسم گرم جبکہ شام اور رات کے وقت جزوی طور پر مطلع ابرآلود رہے گا اور چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا، جب کہ ڈی جی خان، جیکب آباد اور نور پور تھل میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ بھکر، سرگودھا، سبی میں 48 اور بہاولنگر، بنوں، دادو، گوجرانوالہ، حافظ آباد، جھنگ، جہلم، کوٹ ادو اور منڈی بہاؤالدین میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
اسلام آباد میں درجہ حرارت کم سے کم 22 اور زیادہ سے زیادہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ، لاہور میں 29/46، کراچی میں 28/34، پشاور میں 25/44، کوئٹہ میں 22/36، گلگت میں 16/38، مظفرآباد میں 19/42، اسکردو اور مری میں 31 ڈگری سینٹی گریڈ، جب کہ کشمیر و لداخ کے علاقوں جیسے سری نگر، جموں، اننت ناگ، شوپیاں، پلوامہ اور بارہ مولہ میں بھی درجہ حرارت 27 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیا گیا ہے۔