Follw Us on:

اسرائیل کا تہران میں 150سے زائد اہداف تباہ کرنے کا دعویٰ، 60 ایرانی جاں بحق، جوہری مذاکرات منسوخ

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Israel iran
اب تک جو کچھ ہوا، وہ اصل کارروائی کا صرف آغاز تھا۔ (فوٹو: فائل)

اسرائیل نے مسلسل دوسرے روز ایران کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا، جس میں درجنوں رہائشی عمارتیں تباہ ہو گئیں اور 60 سے زائد افراد شہید ہو گئے، جن میں 29 بچے بھی شامل ہیں۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے عندیہ دیا ہے کہ یہ مہم آئندہ دنوں میں مزید شدت اختیار کرے گی۔

اپنے ایک ویڈیو بیان میں اسرائیلی وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ ہم آیت اللہ کے ہر ہدف کو نشانہ بنائیں گے، اب تک جو کچھ ہوا ہے، وہ اصل کارروائی کا صرف آغاز تھا۔

اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران میں 150 سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا، جن میں جوہری تنصیبات، فوجی کمانڈ سینٹرز اور گیس فیلڈز شامل ہیں۔

تہران میں ایک رہائشی عمارت پر حملے کے نتیجے میں 14 منزلہ بلاک منہدم ہو گیا، جس سے 60 افراد ہلاک ہوئے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق مرنے والوں میں خاندان کے پورے افراد اور متعدد بچے شامل ہیں۔

ایران نے جمعہ اور ہفتہ کی شب جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر سینکڑوں بیلسٹک میزائل اور ڈرونز داغے، ان حملوں میں تین افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

اسرائیلی حکام کے مطابق میزائلوں کو روکنے کے لیے انٹرسیپٹر سسٹم فعال کر دیا گیا اور کئی میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے گئے، جب کہ ریشون لیزیون میں ایک بچی کو ملبے سے زندہ نکالا گیا۔

Israel iran ii
رہائشی عمارت پر حملے کے نتیجے میں 14 منزلہ بلاک منہدم ہو گیا، جس سے 60 افراد ہلاک ہوئے۔ (فوٹو: رائٹرز)

دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات اتوار کو عمان میں ہونا تھے، مگر عمانی حکومت نے مذاکرات کی منسوخی کی تصدیق کر دی ہے۔

عالمی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسیدی کا کہنا ہے کہ اتوار کو امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات نہیں ہوں گے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے بدرالبوسیدی کا کہنا تھا کہ سفارت کاری اور بات چیت ہی پائیدار امن کا واحد راستہ ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ جب تک اسرائیلی بربریت جاری ہے، امریکا سے مذاکرات کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے پہلی بار ایران کی توانائی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا ہے، جنوبی بوشہر میں واقع جنوبی پارس گیس فیلڈ پر بمباری سے آگ بھڑک اٹھی۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں 7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ایرانی جنرل اسمٰعیل کوثری کے مطابق حکومت آبنائے ہرمز کو بند کرنے کے آپشن پر غور کر رہی ہے، جو عالمی تیل ترسیل کا ایک اہم راستہ ہے۔

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ نطنز اور اصفہان کی جوہری تنصیبات کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے، جب کہ فوردو پلانٹ کو فی الحال نشانہ نہیں بنایا گیا۔

اسرائیلی فوج کے مطابق ان حملوں میں ایران کے 9 جوہری سائنسدان اور فوجی قیادت کے اعلیٰ کمانڈر ہلاک کیے گئے۔

ایرانی حکومت نے اسرائیل کے اتحادی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے ایرانی میزائلوں کو روکنے کی کوشش کی تو ان کے فوجی اڈے بھی حملوں کی زد میں آئیں گے۔

Israel iran iii
نطنز اور اصفہان کی جوہری تنصیبات کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے۔ (فوٹو: رائٹرز)

دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے دھمکی دی ہے کہ اگر ایران نے اسرائیل پر میزائل داغنے کا سلسلہ جاری رکھا تو تہران جلا دیا جائے گا۔

ایران کے سرکاری ٹی وی نے تباہ شدہ عمارتوں کی ویڈیوز جاری کی ہیں، جن میں بالائی منزلیں سڑک پر گری ہوئی دیکھی جا سکتی ہیں۔

تہران کے شہری محسن صالحی نے برطانوی خبررساں ادارے کو بتایا ہے کہ پورے گھر میں دھواں اور گرد بھر گئی، ہم سانس نہیں لے سکے، بچے چیخ رہے تھے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس