فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ، القسام بریگیڈز نے ایک اہم بیان میں ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسے اسرائیل کے خلاف جنگ میں مضبوط حلیف قرار دیا ہے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق القسام بریگیڈز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ “ہم ایران، اس کی قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں”۔
بیان میں حالیہ اسرائیلی حملوں میں ایرانی اعلیٰ فوجی کمانڈروں اور عام شہریوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔
القسام بریگیڈز کا کہنا ہے کہ ایران نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف ردعمل دے کر دشمن کی بنیادیں ہلا دی ہیں۔ تنظیم نے ایرانی قیادت کے فلسطینی کاز کے لیے تاریخی، فیصلہ کن اور غیر متزلزل حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران کا کردار خطے میں مزاحمت کی طاقت کو مضبوط بنانے میں اہم رہا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے، اور خطے کی صورتِ حال مزید نازک ہوتی جا رہی ہے۔ حماس کی جانب سے کھلی حمایت نے خطے میں اتحاد اور محاذ آرائی کے نئے زاویے واضح کر دیے ہیں۔