محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد سمیت شمال مشرقی پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بالائی پنجاب کے شہروں مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، فیصل آباد، جھنگ، سیالکوٹ، لاہور اور سرگودھا میں بھی آندھی اور بارش متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کا ایران پر حملہ اور جنگ، پاکستان کیا ساتھ دے سکتا ہے؟
خیبر پختونخوا کے اضلاع ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، شانگلہ، پشاور، صوابی، مردان، مہمند، خیبر اور کوہاٹ میں موسلا دھار بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
سندھ کے جنوب مشرقی علاقوں نگر پارکر، مٹھی اور اسلام کوٹ میں آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بلوچستان کے مشرقی اضلاع میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور موسلا دھار بارش متوقع ہے۔
اس دوران نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور بعض مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔ شہریوں کو محتاط رہنے اور سفر سے پہلے موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔