محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 25 جون سے یکم جولائی کے دوران مون سون بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز میں مون سون ہواؤں میں شدت آنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک اور چکوال سمیت بالائی پنجاب کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔
اس کے علاوہ منڈی بہاء الدین، گجرات، گوجرانوالہ، شیخوپورہ اور سیالکوٹ سمیت وسطی اور جنوبی پنجاب کے متعدد اضلاع میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، جن میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور مانسہرہ شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھیں، جب کہ شہریوں کو بھی سفر اور دیگر معمولات کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔