وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال کو مراکش کے دارالحکومت رباط میں منعقدہ وائس چانسلرز فورم کے دوران “لائف ٹائم اچیومنٹ میڈل آف آنر” دیے جانے کی خبر گزشتہ دنوں پاکستانی میڈیا میں نمایاں طور پر رپورٹ کی گئی۔
متعدد معروف قومی اور عالمی اداروں نے اس تقریب، اعزاز اور احسن اقبال کے خطاب کو پاکستان کے لیے ایک مثبت پیش رفت کے طور پر پیش کیا۔ تاہم اب اسلامی عالمی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم کی جانب سے اس خبر کی واضح تردید سامنے آ چکی ہے۔
آئیسیسکو نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی میڈیا میں گردش کرنے والی یہ اطلاعات درست نہیں ہیں۔ بیان کے مطابق آئیسیسکو کے پاس “لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ” کے نام سے کوئی اعزاز موجود نہیں اور نہ ہی ایسا کوئی ایوارڈ پروفیسر احسن اقبال کو دیا گیا ہے۔
آئیسیسکو کے مطابق جو اعتراف یا اعزاز پروفیسر احسن اقبال کو دیا گیا وہ دراصل ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے تحت منعقدہ وائس چانسلرز فورم کے دوران پیش کیا گیا تھا، جس کی چھٹی نشست رباط میں آئیسیسکو کے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر فورم کے منتظمین کی جانب سے انہیں ایک اعزازی شیلڈ پیش کی گئی، جو ان کی اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں خدمات کے اعتراف میں تھی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آئیسیسکو پروفیسر احسن اقبال کی علمی خدمات کی قدر کرتا ہے، لیکن ساتھ ہی میڈیا اداروں سے اپیل کی گئی ہے کہ مستقبل میں آئیسیسکو سے متعلق کسی بھی خبر کی رپورٹنگ سے قبل باضابطہ ذرائع سے معلومات کی تصدیق کی جائے۔
اس کے علاوہ آئیسیسکو نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر بھی لکھا کہ آئیسیسکو بعض پاکستانی میڈیا اداروں میں گردش کرنے والی ان خبروں کی وضاحت کرنا چاہتا ہے جن میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ تنظیم نے جناب ڈاکٹر احسن اقبال کو “لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ” سے نوازا ہے۔
#ICESCO would like to clarify the recent reports circulated in some Pakistani media outlets regarding the organization’s alleged awarding of a “Lifetime Achievement Award” to H.E. Dr. Ahsan Iqbal.
— ICESCO (@ICESCO_En) June 23, 2025
We affirm that this information is inaccurate. ICESCO does not have an award under… pic.twitter.com/SxXbAWGKFc
ہم واضح کرتے ہیں کہ یہ معلومات درست نہیں ہیں۔ آئیسیسکو کے پاس اس نام کا کوئی ایوارڈ موجود نہیں اور نہ ہی ایسا کوئی اعزاز دیا گیا ہے۔
اس وضاحت کے بعد یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ “لائف ٹائم اچیومنٹ میڈل آف آنر” کے حوالے سے چلنے والی خبروں میں مبالغہ تھا اور اصل میں جو اعزاز دیا گیا وہ آئیسیسکو کی طرف سے نہیں بلکہ ایک علیحدہ تعلیمی فورم کی جانب سے پیش کیا گیا اعزازی اعتراف تھا۔