چند روز قبل اسرائیل نے ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن پر حملہ کیا تو چند ہی لمحوں میں ایک خاتون نیوز اینکر کی ویڈیو دنیا بھر میں وائرل ہو گئی۔
ایرانی خاتون اینکر سحر امامی اسرائیلی حملے کے وقت خبرنامہ پڑھ رہی تھیں جب دھماکے سے عمارت میں تباہی شروع ہوئی۔
اس واقعہ کے بعد پاکستانیوں نے بھی بڑی تعداد میں سحر امامی کو سرچ اور فالو کرنا شروع کیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے ان کے ایکس اکاؤنٹ پر فالوورز کی تعداد 181000 سے تجاوز کر گئی۔
ان کے اکاؤنٹس پر ایران پر اسرائیلی حملے، اسرائیل اور ایرانی حکومتوں کے اعلانات سمیت امریکا کے مختلف نئی وپرانی ویڈیوز شیئر کی جاتی رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کیا امریکی صدر کے بیان کے مطابق ایران اور اسرائیل میں جنگ بندی ہوگئی ہے؟
سحر امامی کے اکاؤنٹ پر پیڈ سبسکرپشن کے بعد ملنے والا بلیو ٹک بھی واضح ہے۔
خلاف توقع پزیرائی جو بےسبب نہ تھی کی چھان بین کرنے پر اندازہ ہوا کہ یہ اکاؤنٹ پاکستان کی سیاسی جماعت تحریک انصاف اور اس کی قیادت کا بھی حامی ہے۔

ایرانی نیوز اینکر کے اکاؤنٹ سے جہاں پی ٹی آئی کے ناراض رہنما شیر افضل مروت کو آڑے ہاتھوں لیا گیا وہیں جیل میں قید وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی بیٹی کا دفاع بھی کیا گیا۔

اس مرحلہ پر کچھ صارفین نے ایرانی خآتون اینکر کے اکاؤنٹ کو جعلی اور پی ٹی آئی کے کسی فرد کا قرار دیا تاہم مذکورہ اکاؤنٹ سے اخلاقیات اور اصولوں سے متعلق اپ ڈیٹس کا سلسلہ جاری رہا۔

پیر اور منگل کی درمیانی شب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے بعد اسرائیل اور ایران کی جانب سے جنگ بندی کا اعلان کیا جا چکا ہے تاہم سحر امامی کے اکاؤنٹ پر اپ ڈیٹس کی یلغار جاری ہے۔