Follw Us on:

کرسٹیانو رونالڈو کا النصر سے نیا معاہدہ، 2027 تک کلب کا حصہ رہیں گے

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Ronaldo
ایک نیا باب شروع ہو چکا ہے، وہی جذبہ، وہی ارادے ہیں، آئیے مل کر تاریخ رقم کریں۔ (فوٹو: ایکس)

پرتگال سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی فٹبال کلب النصر کے ساتھ مزید دو سالہ توسیعی معاہدہ کر لیا ہے، جس کے بعد ان کے کلب چھوڑنے کی افواہوں کا خاتمہ ہو گیا ہے۔

نجی نشریاتی ادارے ایکسپریس نیوز کے مطابق سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر النصر کے چیئرمین عبداللہ الماجد کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے رونالڈو کا کہنا تھا کہ ایک نیا باب شروع ہو چکا ہے، وہی جذبہ، وہی ارادے ہیں، آئیے مل کر تاریخ رقم کریں۔

واضح رہے کہ شیئر کی گئی تصویر میں وہ اپنی نئی جرسی تھامے ہوئے ہیں۔ جرسی پر “رونالڈو 2027” درج ہے، جو اس نئے معاہدے کی مدت کی نشاندہی کرتا ہے۔

النصر کلب کی جانب سے جاری سرکاری بیان کے مطابق رونالڈو نے معاہدے میں 2027 تک توسیع کے لیے دستخط کر دیے ہیں، جب کہ کلب کی طرف سے دستخط چیئرمین عبداللہ الماجد نے کیے۔

اس توسیعی معاہدے کے مطابق رونالڈو اپنی 42ویں سالگرہ النصر میں ہی منائیں گے اور اطلاعات ہیں کہ وہ 2026 کے فیفا ورلڈ کپ میں پرتگال کی نمائندگی کا ارادہ رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو نے 2022 میں النصر کلب کے ساتھ پہلا معاہدہ کیا تھا۔ تب سے اب تک وہ 105 میچوں میں 93 گول کر چکے ہیں، جو ان کی شاندار فارم کا مظہر ہے۔

اس سے قبل وہ انگلینڈ کے معروف کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے کھیل رہے تھے، مگر دوسری مدت ختم ہونے کے بعد انہوں نے سعودی عرب کا رخ کیا۔

رونالڈو فٹبال کی تاریخ میں ایک ہزار گولز مکمل کرنے کے قریب ہیں۔ اب تک وہ مختلف کلبز اور پرتگالی قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 938 گول کر چکے ہیں۔

ان کی قیادت میں پرتگال نے حال ہی میں یوئیفا نیشنز لیگ کا ٹائٹل ایک بار پھر اپنے نام کیا، جب کہ وہ پہلے ہی یورو کپ چیمپئن بھی بنوا چکے ہیں۔

Author

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس