کراچی میں مون سون بارشوں نے بالآخر شہر کا موسم خوشگوار بنا دیا ہے۔ گزشتہ رات کی بارش نے نہ صرف گرمی کا زور توڑ دیا بلکہ شہریوں کو قدرے سکون کا سانس بھی لینے دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا پہلا اسپیل جاری ہے اور آج بھی گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے تیز بارش کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر داخلہ اور امریکا کی قائم مقام سفیر کے درمیان ملاقات: امید ہے کہ امریکی صدر غزہ جنگ بندی کرائیں گے، محسن نقوی
اب تک سب سے زیادہ 17 ملی میٹر بارش گلشنِ حدید میں ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ شاہراہِ فیصل پر 12 ملی میٹر، اولڈ سٹی ایریا میں 9 ملی میٹر، ڈیفنس فیز 2 میں 7.8 ملی میٹر، ایئرپورٹ پر 5 ملی میٹر اور یونیورسٹی روڈ پر 2 ملی میٹر بارش ہوئی۔

شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کی شدت مختلف رہی، تاہم مجموعی طور پر یہ پہلا مون سون اسپیل شہریوں کے لیے خوش آئند ثابت ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ہفتے اور اتوار کے دوران بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے اور اس کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
مون سون کا یہ پہلا مرحلہ 2 جولائی تک جاری رہے گا، جس کے بعد دوسرا اسپیل 5 جولائی سے ملک بھر کو متاثر کرے گا۔ اس تمام صورتحال میں کراچی کے بنیادی انفراسٹرکچر، نالوں کی صفائی اور ہنگامی انتظامات کا امتحان بھی جاری ہے، جس کی کامیابی یا ناکامی آنے والے دنوں میں بارشوں کی شدت سے مزید واضح ہو گی۔