یورپی یونین نے سوشل میڈیا کمپنی میٹا کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس کی ادائیگی یا اجازت پر مبنی اشتہاری پالیسی ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ (ڈی ایم اے) کی خلاف ورزی کرتی پائی گئی، تو اس پر روزانہ کی بنیاد پر جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ یورپی کمیشن یورپی یونین میں مسابقتی معاملات کی نگرانی کرتا ہے، اس نے یہ انتباہ جمعے کے روز جاری کیا۔ یہ انتباہ دو ماہ بعد سامنے آیا ہے جب کمیشن نے اپریل میں ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ کی خلاف ورزی پر میٹا پر دو سو ملین یورو (تقریباً 234 ملین امریکی ڈالر) کا جرمانہ عائد کیا تھا۔
کمیشن کے مطابق میٹا نے نومبر 2023 میں جو ماڈل متعارف کروایا تھا، وہ 2024 کے اختتام تک ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ کی خلاف ورزی کرتا رہا۔ بعد ازاں اس ماڈل میں کچھ تبدیلیاں کی گئیں جن کے تحت صارفین کے ذاتی ڈیٹا کے کم استعمال کے ساتھ اشتہارات پیش کیے گئے، تاہم ان تبدیلیوں کا تفصیلی جائزہ تاحال جاری ہے۔

اس ماڈل میں فیس بک اور انسٹاگرام کے صارفین کو دو اختیارات دیے گئے ہیں یا تو وہ بغیر ادائیگی کے اشتہارات کے ساتھ سروس استعمال کریں یا پھر اشتہارات سے پاک سروس کے لیے ادائیگی کریں۔
یورپی کمیشن کے ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ کمیشن اس وقت یہ تصدیق نہیں کر سکتا کہ میٹا کی جانب سے کی گئی حالیہ تبدیلیاں ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ کے عدم تعمیل کے فیصلے میں بیان کردہ نکات پر پوری اترتی ہیں یا نہیں۔ اس بنیاد پر ہم آئندہ اقدامات پر غور کریں گے جن میں روزانہ کی بنیاد پر جرمانے بھی شامل ہو سکتے ہیں جو 27 جون 2025 سے نافذ ہو سکتے ہیں۔

ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ کی خلاف ورزی کی صورت میں یومیہ جرمانہ کمپنی کی عالمی یومیہ آمدن کے پانچ فیصد تک ہو سکتا ہے۔
میٹا نے یورپی کمیشن پر کاروباری ماڈل کے ساتھ امتیازی سلوک کا الزام لگایا ہے۔ کمپنی کے ترجمان نے کہا ہے کہ یورپ میں ہر کمپنی کے لیے یہ ایک جائز کاروباری ماڈل ہے کہ وہ صارف کو اشتہارات کے بغیر سروس کے لیے ادائیگی یا اشتہارات کے ساتھ مفت سروس کا انتخاب دے سوائے میٹا کے۔ ہمیں یقین ہے کہ یورپی قوانین کے تحت جو تقاضے ہیں، ہم ان سے کہیں آگے جا چکے ہیں۔
یورپی کمیشن نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ تمام بڑی ڈیجیٹل کمپنیوں پر یکساں طور پر لاگو ہوتا ہے، چاہے وہ کسی بھی ملک میں رجسٹرڈ ہوں۔ کمیشن کے ترجمان کے مطابق، ہم نے ہمیشہ اپنے قوانین کو منصفانہ اور بغیر امتیاز کے نافذ کیا ہے اور آئندہ بھی ایسا ہی کریں گے۔