عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی بڑی وجہ امریکی ڈالر کی قدر میں کمی اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجارتی پالیسیوں پر غیر یقینی صورتحال کو قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ صورتحال سرمایہ کاروں کو محفوظ اثاثوں کی طرف منتقل ہونے پر مجبور کر رہی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں سپاٹ گولڈ کی قیمت 0.6 فیصد اضافے کے ساتھ فی اونس 3,322.55 ڈالر تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز 0.8 فیصد اضافے سے 3,334.80 ڈالر فی اونس پر بند ہوئے۔

اے بی سی ریفائنری کے عالمی سربراہ برائے ادارہ جاتی مارکیٹس نکولس فراپل نے کہاہے کہ کمزور ڈالر اور اس خدشے کے باعث کہ اگر ٹرمپ کی محصولات کی ڈیڈ لائن میں توسیع نہ ہوئی تو اس کے اثرات شدید ہو سکتے ہیں فی الحال سونے کو تقویت مل رہی ہے۔
امریکی ڈالر انڈیکس 0.2 فیصد کمی کے ساتھ تین سال سے زائد کی کم ترین سطح پر آ گیا ہے جس کے باعث دیگر کرنسیوں کے حامل سرمایہ کاروں کے لیے سونا سستا ہو گیا۔
صدر ٹرمپ نے امریکا اور جاپان کے درمیان جاری تجارتی مذاکرات پر مایوسی کا اظہار کیا۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے خبردار کیا ہے کہ اگر دوطرفہ تجارتی معاہدے طے نہ پائے تو جولائی 9 کے بعد 10 سے 50 فیصد تک کے زیادہ محصولات نافذ ہو سکتے ہیں۔ یہ محصولات 2 اپریل کو اعلان کے بعد 90 روزہ تعطل کے بعد نافذ العمل ہوں گے۔

دوسری جانب صدر ٹرمپ نے فیڈرل ریزرو پر دباؤ بڑھاتے ہوئے چیئرمین جیروم پاول کو عالمی مرکزی بینکوں کے شرح سود کی فہرست بھجوائی جس پر ہاتھ سے لکھا گیا تھا کہ امریکی شرح سود جاپان کے 0.5 فیصد اور ڈنمارک کے 1.75 فیصد کے درمیان ہونی چاہیے۔
نکولس فراپل کے مطابق،ٹرمپ کی شرح سود میں کمی کی درخواست بھی مارکیٹ پر اثر ڈال رہی ہے وہ کہتے ہیں اگرچہ مجھے حیرت ہے کہ مارکیٹ شرح سود میں کٹوتی کے حوالے سے اتنی پر امید کیوں ہے۔

وزیر خزانہ بیسنٹ نے مزید کہا ہے کہ انتظامیہ 2026 کے اوائل میں فیڈ بورڈ آف گورنرز میں متوقع خالی آسامی پر پاول کے متبادل کی تعیناتی پر غور کر رہی ہے۔
سرمایہ کار اس ہفتے کے آخر میں جاری ہونے والے امریکی لیبر مارکیٹ کے اعداد و شمار پر بھی قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ فیڈ کی آئندہ مالیاتی پالیسی سے متعلق اشارے حاصل کیے جا سکیں۔
دیگر قیمتی دھاتوں میں سپاٹ سلور کی قیمت 0.2 فیصد اضافے سے 36.16 ڈالر فی اونس، پلاٹینم کی قیمت 1,352.49 ڈالر فی اونس پر مستحکم رہی ہیں جبکہ پیلاڈیم 1.4 فیصد اضافے سے 1,113.18 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا۔