حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کیا گیا ہے، جس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعتِ اسلامی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ثابت کردیا ہے کہ اشرافیہ کو نوازو، جاگیرداروں کو بچاؤ اورعوام کی کمر توڑو۔
انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں جب کم ہورہی تھیں تو حکومت نے عوام کو ریلیف دینے سے انکار کیاتھا، اب ذرا سی ہلچل ہوئی تو فوراً سارا بوجھ عوام کی جانب منتقل کردیا۔ معیشت کی ترقی کے اعداد وشمار اور اشتہارات سب جھوٹے ثابت ہورہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتی ہے، قیمتیں کم کی جائیں اور لیوی کو ختم کیا جائے۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 29 پیسے فی لیٹر اور پیٹرول کی قیمت میں آٹھ روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد 266 روپے 69 پیسے، جب کہ ڈیزل کی قیمت 272 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
وزارتِ خزانہ کی جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق فوری طور پر ہوگیا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ڈھائی روپے کاربن لیوی بھی عائد کی گئی ہے۔