Follw Us on:

’دیوگو ژوٹا‘ کی وفات کے بعد لیورپول فٹ بال کلب نے 20 نمبر کی شرٹ کو مستقلاً ختم کر دیا

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Liverpool
ژوٹا نہ صرف اپنی صلاحیتوں کی وجہ سے مقبول تھے، بلکہ ان کی شخصیت، خوش مزاجی اور ساتھیوں کے لیے حوصلہ افزائی کا جذبہ بھی ان کی پہچان تھا۔ (فوٹو: ڈیلی میل)

لیورپول فٹ بال کلب نے دیوگو ژوٹا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور ان کی یاد کو ہمیشہ تازہ رکھنے کے لیے اپنے تمام ٹیموں میں نمبر 20 کی شرٹ کو ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا ہے۔

ژوٹا کی بیوہ، روت کارڈوسو، اور ان کے اہلِ خانہ نے اینفیلڈ میں اس یادگار کا دورہ کیا، جہاں مداحوں نے ان کی یاد میں پھول رکھے تھے۔ ایک ہفتہ قبل شمالی اسپین میں پیش آنے والے حادثے میں ژوٹا اور ان کے بھائی آندرے سلوا کار حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

ژوٹا کے اہلِ خانہ کے ہمراہ لیورپول کی ٹیم کے کھلاڑی بھی موجود تھے، جو منگل کو تربیتی کیمپ میں واپس آئے ہیں۔ ٹیم اتوار کو پریسٹن میں حادثے کے بعد اپنا پہلا میچ کھیلے گی، جہاں میچ سے قبل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ دونوں ٹیمیں سیاہ پٹیاں پہنیں گی اور پریسٹن کی طرف سے مہمان ٹیم کے اسٹینڈ کے سامنے ایک پھولوں کی چادر رکھی جائے گی۔

Liverpool..
ژوٹا کے اہلِ خانہ کے ہمراہ لیورپول کی ٹیم کے کھلاڑی بھی موجود تھے۔ (فوٹو: سی این این)

ژوٹا نہ صرف اپنی صلاحیتوں کی وجہ سے مقبول تھے، بلکہ ان کی شخصیت، خوش مزاجی اور ساتھیوں کے لیے حوصلہ افزائی کا جذبہ بھی ان کی پہچان تھا۔ انہوں نے 2020 میں لیورپول میں شمولیت اختیار کی اور پریمیئر لیگ جیتنے والے سیزن میں چھ گول کر کے ٹیم کو چھ قیمتی پوائنٹس دلائے۔

اسی محبت اور عقیدت کے اظہار میں لیورپول نے ان کی شرٹ نمبر 20 کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ کلب کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی کھلاڑی کو ایسا اعزاز دیا گیا ہو۔

کلب کے فٹبال امور کے سی ای او مائیکل ایڈورڈز نے کہا کہ “بطور کلب، ہم اپنے مداحوں کے جذبات سے بخوبی آگاہ تھے، اور ہم خود بھی ویسا ہی محسوس کرتے تھے۔ اس لیے یہ ضروری تھا کہ دیوگو کی اہلیہ روت اور ان کے خاندان کو اس فیصلے میں شامل کیا جائے اور وہ سب سے پہلے اسے جانیں۔

Liverpool.
یہ لیورپول کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ کسی فرد کو یہ اعزاز دیا جا رہا ہے۔ (فوٹو: سی این این)

یہ لیورپول کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ کسی فرد کو یہ اعزاز دیا جا رہا ہے۔ یہ ایک منفرد انسان کے لیے منفرد خراجِ عقیدت ہے۔ نمبر 20 اب ہمیشہ کے لیے ان کے نام رہے گا، اور وہ کبھی فراموش نہیں کیے جائیں گے۔”

ژوٹا کے انتقال کے فوراً بعد یہ فیصلہ کیا گیا مگر کلب نے اسے ان کی بیوہ اور خاندان سے مشاورت کے بعد باضابطہ بنایا۔ خاص بات یہ ہے کہ یہ ریٹائرمنٹ صرف مردوں کی پہلی ٹیم تک محدود نہیں، بلکہ خواتین کی ٹیم اور جونیئر ٹیموں سمیت کلب کے ہر سطح پر نافذ العمل ہو گی۔

ایف ایس جی کی اعلیٰ قیادت، بلی ہوگن، جان ہنری، ٹام ورنر، اور مائیک گورڈن نے مشترکہ بیان میں کہا “کلب کی طویل اور تاریخی روایت میں کبھی ایسا نہیں ہوا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دیوگو لیورپول فٹبال کلب کے لیے کتنے اہم تھے۔

ان کی یاد اور خدمات ہمیشہ نمبر 20 کے ساتھ جڑی رہیں گی۔ ہمارا پیار، روت، ان کے تین بچوں اور پورے خاندان کے ساتھ ہے، جو دیوگو اور آندرے کے نقصان پر سوگوار ہیں۔”

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس