وزیر داخلہ محسن نقوی نے بحرین کے دارالحکومت منامہ میں اپنے بحرینی ہم منصب جنرل شیخ راشد بن عبداللہ آل خلیفہ سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کے بعد آوازیں سنائی دے رہی ہیں کہ کیا پاکستان اور بحرین کے سیکیورٹی روابط ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔
ملاقات میں انسداد دہشت گردی، منشیات کی روک تھام اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ اقدامات سمیت سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے ریڈیو پاکستان کے مطابق دونوں وزرائے داخلہ نے پاکستان اور بحرین کے درمیان سیکیورٹی کمیٹی کو مزید مؤثر بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا تاکہ علاقائی اور عالمی سطح پر سیکیورٹی چیلنجز سے بہتر طور پر نمٹا جا سکے۔

بحرینی وزیر داخلہ نے محسن نقوی کے دورہ بحرین کو دو طرفہ سیکیورٹی تعاون بڑھانے کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا اور موجودہ سطح پر دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی کو سراہا۔محسن نقوی نے منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ کارروائیوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا اور بحرینی وزیر داخلہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
ملاقات میں بحرین کے ڈپٹی وزیر داخلہ، چیف آف پبلک سیکیورٹی، پاکستان کے سفیر ثاقب رؤف اور دیگر سفارتی عملے نے بھی شرکت کی۔ قبل ازیں محسن نقوی کی بحرین انٹرنیشنل ایئرپورٹ آمد پر اُن کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
بعد ازاں منامہ میں وزارت داخلہ کے ہیڈ کوارٹر میں انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ یہ ملاقات ان کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان داخلی سلامتی کے شعبے میں مؤثر اور پائیدار تعاون کو فروغ دینا ہے۔