پاکستان نے انڈر 17 اسنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے، جس میں کیوئسٹ محمد حسنین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کردی ہے۔
بحرین کے دارالحکومت مناما میں جاری انڈر 17 اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل مقابلے میں قومی کیوئسٹ محمد حسنین نے ویلز کے رائلی پاول کو یک طرفہ مقابلے میں 0-4 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
16 سالہ حسنین اختر نے کھیل کے آغاز سے ہی اپنا پلڑا بھاری رکھا اور حریف کھلاڑی کو سنبھلنے کا موقع تک نہ دیا۔

یاد رہے کہ سیمی فائنل مقابلے میں بھی حسنین اختر نے پولینڈ کے الیور نیزالیک کو 0-4، جب کہ کوارٹرفائنل میں پولینڈ ہی کے کژیزٹوف چاپنک کو 1-3 اور پری کوارٹر فائنل میں عمان کے معتصم السعدی کو 0-3 سے شکست دی تھی۔