انڈیا اور پاکستان کے درمیان ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (WCL) میں شیڈول ویٹرنز کرکٹ میچ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ انڈین کھلاڑیوں، خاص طور پر شیکھر دھون کی جانب سے موجودہ جیو پولیٹیکل صورت حال اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے باعث میچ کھیلنے سے انکار کے بعد سامنے آیا۔
دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اس سال اپریل میں پہلگام حملے کے بعد مزید کشیدہ ہوئے تھے، جس کے نتیجے میں آئی پی ایل اور پی ایس ایل کے میچز بھی وقتی طور پر معطل کر دیے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ چیمپئنز آف لیجنڈز لیگ میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز، میزبان انگلینڈ کو پانچ رنز سے شکست
اگرچہ ٹورنامنٹ کے منتظمین نے کہا کہ اس میچ کو انڈیا اور پاکستان کے درمیان ہاکی ٹیموں کے آئندہ دورے اور انڈر-16 والی بال میچ جیسے مثبت تبادلوں کے تناظر میں رکھا گیا تھا، لیکن انڈین کھلاڑیوں کی حساسیت کے پیش نظر انہوں نے میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ کسی کو ذہنی تکلیف نہ ہو۔
Dear all , pic.twitter.com/ViIlA3ZrLl
— World Championship Of Legends (@WclLeague) July 19, 2025
شیکھر دھون نے ایک بیان X (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے خلاف میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ پہلے ہی 11 مئی 2025 کو فون اور واٹس ایپ پر بات چیت کے دوران منتظمین کو آگاہ کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ٹیم نے سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا ہے اور لیگ سے تعاون کی اپیل کی۔
Jo kadam 11 May ko liya, uspe aaj bhi waise hi khada hoon. Mera desh mere liye sab kuch hai, aur desh se badhkar kuch nahi hota.
— Shikhar Dhawan (@SDhawan25) July 19, 2025
Jai Hind! 🇮🇳 pic.twitter.com/gLCwEXcrnR
WCL کا دوسرا ایڈیشن 18 جولائی کو برمنگھم میں شروع ہوا ہے اور اب تک تین میچز کھیلے جا چکے ہیں۔ پاکستان نے افتتاحی میچ کھیلا تھا جبکہ انڈیا کا یہ پہلا میچ ہونا تھا۔ انڈین ٹیم کی قیادت یوراج سنگھ کر رہے ہیں جبکہ محمد حفیظ پاکستان کے کپتان ہیں۔
ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔ ہر ٹیم دوسری ٹیموں کے خلاف ایک میچ کھیلے گی، جس کے بعد چار بہترین ٹیمیں 31 جولائی کو سیمی فائنل میں جائیں گی اور فائنل 2 اگست کو ہوگا۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ اگر سیمی فائنل یا فائنل میں انڈیا اور پاکستان آمنے سامنے آتے ہیں تو اس صورتِ حال میں کیا فیصلہ کیا جائے گا۔