Follw Us on:

پاکستان میں تعلیم کا شعبہ بدترین زبوں حالی کا شکار ہے، حافظ نعیم الرحمان

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Hafiz naeem peshawar
انہوں نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کی ایمرجنسی کے دعوے کے باوجود بجٹ میں کمی کر دی گئی۔ (فوٹو: پاکستان میٹرز)

امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں تعلیم کا شعبہ بدترین زبوں حالی کا شکار ہے، حالانکہ تعلیمی بجٹ مجموعی طور پر 1800 سے 2000 ارب روپے بنتا ہے۔

پشاور میں منعقدہ بنو قابل پروگرام کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا ہے کہ جن طلبہ و طالبات نے اس پروگرام سے استفادہ کیا، وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل جب پشاور میں پروگرام کا آغاز ہوا تو ایٹیٹیوڈ ٹیسٹ کے موقع پر کیمپس کا گراؤنڈ چھوٹا پڑ گیا تھا، کیونکہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں سے نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی تھی۔

انہوں نے فارغ التحصیل نوجوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام نہ صرف ان کے لیے بلکہ ان کے خاندانوں اور پورے ملک کے لیے سعادت کا باعث بنے۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ گریجویشن کسی انجام کا اعلان نہیں، بلکہ ایک نئے تعلیمی سفر کا آغاز ہے۔ حافظ نعیم نے مزید کہا کہ ہمارا خواب ہے کہ یہ کورسز مستقبل میں ڈگری پروگرامز میں تبدیل ہوں اور ہزاروں نوجوان اس سے فائدہ اٹھائیں۔

Hafiz naeem peshawar 1
انہوں نے واضح کیا کہ یہ گریجویشن کسی انجام کا اعلان نہیں، بلکہ ایک نئے تعلیمی سفر کا آغاز ہے۔ (فوٹو: پاکستان میٹرز)

ان کا کہنا تھا کہ پروگرام کا آغاز کراچی جیسے سمندری شہر سے ہوا اور اب یہ ملاکنڈ، چترال کے پہاڑوں، پنجاب کے میدانوں اور بلوچستان تک پھیل چکا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ پروگرام پورے پاکستان کو جوڑنے کا ذریعہ بنے، تاکہ محروم طبقے کو تعلیم اور روزگار کے برابر مواقع مل سکیں، کیونکہ تعصب اور نفرت تب جنم لیتے ہیں جب محرومی پھیلتی ہے۔

انہوں نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کی ایمرجنسی کے دعوے کے باوجود بجٹ میں کمی کر دی گئی، جو باعثِ تشویش ہے۔ آج سرکاری اسکولوں کی حالت اتنی خراب ہو چکی ہے کہ کوئی شخص اپنے بچوں کو ان اداروں میں داخل کروانے کا تصور بھی نہیں کرتا۔ یہ لمحہ فکریہ ہے کہ ایک فلاحی ریاست میں تعلیم جیسا بنیادی حق صرف امیر طبقے تک محدود ہوتا جا رہا ہے۔

انہوں نے عالمی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں جاری ظلم و جبر کے خلاف عالمی سطح پر ضمیر جاگ چکا ہے۔ اگر پاکستان میں کوئی اسرائیل سے تعلقات کی بات کرے گا تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ پوری قوم سڑکوں پر ہوگی اور سسٹم کو جام کر دے گی۔”

آخر میں حافظ نعیم الرحمان نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ علم، شعور، جدوجہد اور قومی اتحاد کے اس سفر کو جاری رکھیں، تاکہ پاکستان ایک باوقار، تعلیم یافتہ اور خوددار قوم کے طور پر دنیا میں ابھرے۔

Author

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس