نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنے خطے میں امن کا خواہاں ہے، لیکن خطے میں امن کے قیام کے لیے صرف ہماری یکطرفہ کوششیں کافی نہیں، اس کے لیے بات چیت اور ڈائیلاگ کا عمل ناگزیر ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کثیرالجہتی اور پیچیدہ عالمی تنازعات کے پرامن حل کے لیے ایک اہم مباحثہ منعقد ہوا، جس کی صدارت پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کی۔ اس موقع پر پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا، جس میں عالمی تنازعات کے پرامن حل کے طریقہ کار کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا۔
سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں جاری سانحات عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے غزہ پر حملوں میں اب تک 58 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ انہوں نے فلسطین اور کشمیر جیسے دیرینہ تنازعات کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر ایک دیرینہ تنازع ہے جو اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ ہے اور اس کا حل کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیری عوام سے حق خود ارادیت کا وعدہ کیا تھا، جس پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سندھ طاس معاہدہ گزشتہ 65 سال سے موجود ہے، مگر بھارت نے اسے یکطرفہ اور غیر قانونی طور پر معطل کر دیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت 240 ملین پاکستانیوں کا پانی روکنے کی بات کر رہا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی اس مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان کے کردار کو قابل ستائش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی تنازعات کا پرامن حل وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سیکرٹری جنرل نے غزہ اور یوکرین کے معاملات کے فوری حل پر زور دیتے ہوئے وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا بی بی این جے معاہدے پر دستخط، کیا یہ ماحول دوست اقدام ہے یا معاشی حکمت عملی؟
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر پر مکمل عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے اور عالمی امن کے لیے عالمی تعاون میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے قرارداد کی متفقہ منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کا مباحثہ عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
مزید پڑھیں:تربیت یافتہ افسران ہی عوام کو انصاف دلوا سکتے ہیں، شہباز شریف
اس موقع پر اسحاق ڈار اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی جانب سے اقوام متحدہ کے منتخب سفیروں اور اعلیٰ حکام کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیے میں بھی شریک ہوں گے۔