ایئر عربیہ ابوظہبی، جو متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت کی پہلی کم لاگت ایئر لائن ہے، نے پاکستان میں اپنی پروازوں کے دائرہ کار کو وسعت دیتے ہوئے فیصل آباد اور ملتان کے لیے پروازوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا ہے۔
ایئرلائن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق گنجائش میں اضافہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان فضائی رابطے کو مزید مضبوط بناتا ہے اور ایئر عربیہ ابوظہبی کے سستے، قابل اعتماد اور سہل سفری مواقع فراہم کرنے کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔
بیان کے مطابق ملتان کے لیے پروازوں کی تعداد دو سے بڑھا کر پانچ کر دی گئی ہے، جبکہ ستمبر سے یہ پروازیں روزانہ کی بنیاد پر چلائی جائیں گی۔ فیصل آباد کے لیے ہفتہ وار پروازیں دو سے بڑھا کر چار کر دی گئی ہیں، جس سے مسافروں کو مزید سفری آپشنز میسر آئیں گے۔
ایئر عربیہ گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عادل العلی نے کہاکہ پاکستان ایئر عربیہ ابوظہبی کے لیے ایک کلیدی توسیعی منڈی ہے۔ ملتان اور فیصل آباد کے لیے پروازوں میں اضافہ ہمارے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرتے ہوئے مسافروں کو سستی، بااعتماد اور سہولت بخش فضائی سروس فراہم کریں۔”
مزید برآں، ایئر عربیہ ابوظہبی نے حال ہی میں سیالکوٹ کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز بھی کیا ہے، جس سے پاکستان میں ایئرلائن کے نیٹ ورک میں مزید وسعت آئی ہے۔
ایئرلائن نے بتایا کہ وہ سال کے اختتام سے قبل اپنے بیڑے میں مزید دو طیارے شامل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جس سے اس کی آپریشنل صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور نئی پروازوں کا آغاز ممکن بنایا جا سکے گا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل برطانیہ نے پاکستان کو اپنی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا ہے، جس کے بعد پاکستانی ایئرلائنز اب برطانیہ کے لیے پروازوں کی اجازت حاصل کرنے کی درخواست دے سکتی ہیں۔