معروف اداکار رندیپ ہودا نے کہا ہے کہ آج کے دور میں ایک اداکار کی پہچان اُس کے اسٹائل سے ہوتی ہے اور اس میدان میں ماضی کے لیجنڈ اداکار راج کمار ایک بے مثال مثال ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے آئی اے این ایس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں رندیپ ہودا کا کہنا تھا کہ ’آج کل اداکاروں کی امیج اُن کے اسٹائل سے بنتی ہے۔ اس دور میں جو دکھتا ہے، وہی بکتا ہے۔ سوشل میڈیا اور ہر وقت موجود رہنے کا رجحان اسے ایک نئے مقام تک لے گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ اب آپ کی شناخت آپ کے انداز سے بنتی ہے۔ کئی اداکاروں نے اپنے منفرد انداز کی وجہ سے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ میرے ذہن میں پہلا نام آتا ہے لیجنڈری اداکار مرحوم راج کمار کا، جو اپنے منفرد اسٹائل کے لیے جانے جاتے تھے۔ یہ انداز اُن کی اداکاری میں بھی جھلکتا تھا، کیونکہ وہ اپنی الگ شناخت رکھنے والے فنکار تھے۔
راج کمار کون تھے؟
واضح رہے کہ راج کمار اپنی بے مثال ڈائیلاگ ڈیلیوری، باوقار شخصیت اور منفرد اسکرین پریزنس کے لیے جانے جاتے تھے۔ انہوں نے مدر انڈیا، وقت، دل ایک مندر، سوداگر، پیغام اور ترنگا جیسی شہرۂ آفاق فلموں میں کام کیا اور بالی ووڈ میں اپنے لازوال نقوش چھوڑے۔

اپنی کرخت آواز اور باوقار انداز کے ساتھ، راج کمار نے فلمی دنیا میں اسٹائل آئیکون کی نئی تعریف پیش کی۔ انہوں نے اپنی زندگی کے آخری لمحات تک اداکاری کا سفر جاری رکھا اور 1996 میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث دنیا سے رخصت ہو گئے۔ ان کی شخصیت اور انداز آج بھی فلم سازوں اور اداکاروں کے لیے ایک مثال ہیں۔
رندیپ ہودا کون ہیں؟
رندیپ ہودا نے اپنے کیریئر کا آغاز معروف ہدایتکارہ میرا نائر کی آسکر نامزد فلم مون سون ویڈنگ سے کیا۔ یہ فلم دنیا بھر میں متعدد ایوارڈز جیت چکی ہے، جن میں بافٹا اور وینس فلم فیسٹیول کا گولڈن لائن ایوارڈ شامل ہیں۔
رندیپ ہودا نے ہائی وے، ایکسٹریکشن، سرابجیت، دو لفظوں کی کہانی، کِک، سلطان، جنت 2 اور وِیر ساورکر سمیت کئی اہم فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

ان کی حالیہ فلم جاٹ ہے، جس میں وہ سنی دیول کے ساتھ نظر آئے اور اسے معروف تیلگو فلم ساز گوپی چند مالینی نے ڈائریکٹ کیا ہے۔