محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر انجم نذیر نے کہا کہ پاکستان میں مون سون ابھی ختم نہیں ہوا اور یہ مزید اثر دکھائے گا۔
ان کے مطابق 14 اگست تک صرف ایک یا دو مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔ کل اسلام آباد میں بارش ہوئی تھی اور آج سیالکوٹ اور اس کے گرد و نواح میں بارش کا امکان ہے۔
14 اگست سے 23 اگست تک کا وقت پاکستان کے لیے اہم ہوگا۔ 14 اگست سے شمال مشرقی پنجاب کے سیالکوٹ، قصور، نارووال اور قریبی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔
موسلادھار بارش سے مشرقی دریاؤں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے اور شہری علاقوں میں پانی بھرنے کا خطرہ بھی رہے گا۔ اس کے بعد یہ بارشوں کا سلسلہ جنوبی علاقوں کی طرف بڑھے گا۔
17 اگست سے 23 اگست تک سندھ کے بیشتر علاقوں میں درمیانی سے موسلادھار اور بعض علاقوں میں شدید موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
River Situation and Flood Forecast August 11, 2025#FloodAlert #floodwarning #pmdweather #monsoon2025 pic.twitter.com/XtFeurRgj5
— Pak Met Department محکمہ موسمیات (@pmdgov) August 11, 2025
کراچی میں بھی بارش کے امکانات موجود ہیں اور 17 اگست سے 23 اگست تک وقفے وقفے سے تیز بارش ہوسکتی ہے۔
اس سے پہلے جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو کراچی کا درجہ حرارت بڑھے گا اور 17 اگست کی شام یا رات سے بارش شروع ہوسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دریاؤں کے کنارے آباد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور مویشیوں کے انخلا کو بھی یقینی بنایا جائے، عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں، دریاؤں، نہروں، ندی نالوں اور تالابوں میں نہانے سے گریز کریں اور ہنگامی انخلا کی صورت میں انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ تازہ ترین موسمی صورتحال اور ہدایات کیلئے متعلقہ اداروں سے رابطے میں رہیں۔