اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے آزادی پاکستان کی پرجوش تقریبات سے قبل وفاقی دارالحکومت میں بدھ (کل) کو مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی جانب سے ایکس پر جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ اطلاع دی جاتی ہے کہ 13 اگست 2025 (بدھ) کو اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کی حدود میں مقامی تعطیل ہوگی، تاہم میونسپل کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی)، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، آئی سی ٹی ایڈمنسٹریشن، آئی سی ٹی پولیس، آئی ای ایس سی او، ایس این جی پی ایل اور اسپتالوں سمیت ضروری خدمات کے دفاتر اس تعطیل سے مستثنیٰ ہوں گے۔
یہ اعلان اس موقع پر کیا گیا ہے جب ملک بھر میں 78ویں یومِ آزادی کی تقریبات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

سرکاری عمارتوں کو قومی پرچموں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ شہریوں نے اپنی گاڑیوں اور گھروں کی چھتوں پر سبز ہلالی پرچم لہرا دیے ہیں۔
بازاروں میں قومی پرچم، جھنڈیاں، ٹوپیاں اور بچوں کے سبز و سفید ملبوسات فروخت کرنے والی دکانیں سج گئی ہیں۔
پاکستان کی انڈیا پر آپریشن “بنیان المرسوس” میں فتح نے اس سال کی آزادی کی تقریبات میں مزید رنگ بھر دیے ہیں۔
گزشتہ ہفتے وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے آزادی کی تقریبات سے قبل اسلام آباد میں پلاسٹک کے ہارن (بجّے) کی فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کر دی تھی۔
مزید پڑھیں:اگر کرپشن پر سزا دی جانے لگی تو زرداری، نواز اور شہباز شریف کہاں جائیں گے، حافظ نعیم الرحمان
دوسری جانب، چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت کو سبز و سفید جھنڈوں، ثقافتی نمائشوں اور فنّی تنصیبات سے آراستہ کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد کی سرسبز شاہراہوں سے لے کر تاریخی مقامات تک آزادی اور قومی جذبے کی روح جھلک رہی ہے۔