ویسٹ انڈیز نے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 202 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر 34 سال بعد پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز جیت لی۔
295 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم صرف 92 رنز پر آؤٹ ہوئی، چار کھلاڑی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ ویسٹ انڈیز نے سیریز دو ایک سے اپنے نام کی۔
تاروبا میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 294 رنز بنائے۔ شائے ہوپ نے ناقابل شکست 120 رنز اور جسٹن گریوز نے 43 رنز اسکور کیے۔
بظاہر مشکل پچ پر اسپنرز کے خلاف رنز بنانا ویسٹ انڈیز کے لیے دشوار تھا، اس لیے انہوں نے محتاط انداز اپنایا اور 44ویں اوور کے آغاز تک 200 رنز بھی مکمل نہ کر پائے۔
West Indies win the final ODI to clinch the series 2-1.#WIvPAK | #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/rAS1UKe91a
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 12, 2025
اس کے بعد شائے ہوپ نے محمد نواز کو لگاتار دو چھکے مار کر رن ریٹ تیز کیا، پھر ابرار احمد کے اوور میں 18 رنز بنائے۔
آخری سات اوورز میں ویسٹ انڈیز نے 100 رنز جوڑے اور اننگز کی آخری گیند پر حسن علی کو باؤنڈری مار کر اسکور 294 تک پہنچا دیا۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز تباہ کن رہا۔ پہلے اوور میں صائم ایوب سلپ میں کیچ دے بیٹھے، عبدﷲ شفیق بھی بغیر رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
محمد رضوان ایک نایاب انداز میں آؤٹ ہوئے جب گیند نے بیلز کو ہلکا سا چھو کر گرا دیا۔ بابر اعظم بھی سنگل ہندسے میں ایل بی ڈبلیو ہو گئے اور اسکور 23 پر چار وکٹوں تک پہنچ گیا۔

سلمان آغا 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، حسن نواز بھی زیادہ دیر نہ رک سکے۔ آٹھ بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے۔
ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 25 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں، جو ون ڈے میں کسی ویسٹ انڈین باؤلر کی دوسری بہترین کارکردگی ہے۔
میچ کے دوران پاکستانی بیٹنگ نہ صرف تیز رن ریٹ برقرار رکھنے میں ناکام رہی بلکہ وکٹیں بچانے کی کوشش میں بھی ناکامی کا شکار ہوئی۔
مزید پڑھیں: پہلے ٹی 20 میں آسٹریلوی اوپنر ٹراوس ہیڈ کی مایوس کن اننگز، افریقی باؤلر ربادا کا شکار
حسن علی اور نسیم شاہ کو سیلز نے جلد آؤٹ کیا، جبکہ ابرار احمد رن لینے کی کوشش میں راسٹن چیز کے براہِ راست تھرو پر رن آؤٹ ہوئے۔
اس طرح ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 202 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز دو ایک سے جیت لی اور تین دہائیوں سے زائد عرصے بعد پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کر لی۔