Follw Us on:

“رچرڈ گرینل کو ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے ذریعے گمراہ کیا گیا” جینٹری بیچ کا عمران خان سے متعلق ٹوئٹس پر مؤقف

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
فائل فوٹو / گوگل

پاکستان کا دورہ کرنے والے امریکی سرمایہ کاروں کے وفد کے سربراہ اور ٹرمپ خاندان کے قریبی بزنس پارٹنر جینٹری بیچ نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ سابق امریکی عہدیدار رچرڈ گرینل کو ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے ذریعے گمراہ کیا گیا تھا، جس کے باعث انہوں نے پاکستان سے متعلق جو مؤقف اختیار کیا، وہ ان کی اپنی محدود فہم پر مبنی تھا۔ اب پاکستان کے بارے میں رچرڈ گرینل میں پہلے سے زیادہ بہتر تفہیم پائی جاتی ہے اور وہ ملک کے حقیقی حالات سے آگاہ ہو کر ایک زیادہ متوازن رائے قائم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق صحافیوں سے گفتگو میں جینٹری بیچ کا کہناتھاکہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، صدر ٹرمپ کی سربراہی میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے، پاکستان اور امریکا کے تعلقات دہائیوں پرمحیط ہیں، پاکستان سے متعلق غلط فہمیاں دور کرنے کی ضرورت ہے۔

فائل فوٹو / گوگل

ٹرمپ خاندان کے قریبی بزنس پارٹنر نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ نے گزشتہ 4 سال میں جو کچھ پاکستان کےساتھ کیا وہ مناسب نہیں تھا، دنیا میں امن اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے۔امریکا پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتاہے، امریکی سرمایہ کار مصنوعی ذہانت، ریئل اسٹیٹ اور معدنیات میں سرمایہ کاری کے خواہشمندہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کی موجودہ قیادت نئی امریکی قیادت کے ساتھ ہم آہنگ ہے، امریکی سرمایہ کاروں کا وفد مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان آیا ہے، صدر ٹرمپ اقتصادی سفارت کاری پر یقین رکھتے ہیں۔

رچرڈ گرینل کے حالیہ کیے گئے ٹوئٹس کے متعلق جینٹری بیچ کا کہنا تھاکہ ماضی میں امریکی عوام کوپاکستان کی حقیقی تصویرنہیں دکھائی گئی،  رچرڈ گرینل کوڈیپ فیک ٹیکنالوجی سے گمراہ کیا گیا اور رچرڈ گرینل نے جو بات کی وہ پاکستان سے متعلق اپنی انڈراسٹینڈنگ کے مطابق کہی۔رچرڈ گرینل کی اب پاکستان کے بارے میں پہلے سے بہتر انڈراسٹینڈنگ ہے۔

فائل فوٹو/ ایکس

انھوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ  رچرڈ گرینل نے انھیں خود بتایا کہ اسے ڈیپ فیک اے آئی والی پرزینٹیشنز دی گئی تھیں۔ مزید یہ کہ وہ یہاں سابق وزیراعظم کے معاملے پر بات کرنے کیلئے نہیں آئےاور ٹرمپ انتظامیہ پاکستان کی موجودہ سیاسی قیادت کو احترام کی نظر سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رچرڈگرینل کوپاکستان کی موجودہ صورتحال کاآج زیادہ بہترادراک ہوگیا ہوگا۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانیں دیں، امریکا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتاہے اور امریکا پاکستان کو ایک اہم اتحادی کے طور پر دیکھتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر رچرڈ گرینل نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور کئی ٹوئٹس کیے تھے۔

سرمایہ کاری کے حوالے سے انھوں نے کہا  کہ امریکا چاہتا ہے زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کے پاس اپنا گھر ہو۔وہ ایسی تعمیراتی ٹیکنالوجی پاکستان لانا چاہتے ہیں جس سے ایک ماہ میں 30 منزلہ عمارت کا ڈھانچا کھڑا ہوجاتا ہے۔ جینٹری بیچ نے مزید کہا کہ ماضی میں آئل اورگیس سیکٹر میں پاکستان میں کم توجہ دی گئی۔

فائل فوٹو / گوگل

واضح  رہے کہ امریکا کا اعلیٰ سطحی سرمایہ کاری وفد گزشتہ روز 2 روزہ اہم دورے پر پاکستان پہنچا تھا۔ وفد کی قیادت ٹیکساس ہیج فنڈ کے مینیجر اور ٹرمپ خاندان کے قریبی بزنس پارٹنر جینٹری بیچ کر رہے ہیں۔ وفد کے دورہ پاکستان پر پاکستان اور امریکا کے درمیان سرمایہ کاری کے کئی معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔مزید یہ کہ جینٹری بیچ ٹرمپ خاندان کے انتہائی قریبی ساتھی اور  صدر ٹرمپ کے گزشتہ انتخابی مقابلوں میں پیش پیش رہے ہیں اورنئی امریکی حکومت آنے کے بعد کسی بھی امریکی وفد کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس