امریکی روزنامہ واشنگٹن پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کی بدولت پاک امریکا تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ گئے ہیں اور عالمی برادری بالخصوص امریکا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ڈپلومیسی کی معترف ہو گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کی حالیہ سفارتی مہم بہترین ثابت ہوئی ہے اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا حالیہ دورہ امریکا پاک امریکا تعلقات میں ایک نئی جہت کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ٹرمپ کا دوبارہ امریکی صدر منتخب ہونا پاکستان کے لیے ایک بڑا چیلنج سمجھا جا رہا تھا تاہم بدلتے عالمی حالات میں پاکستانی حکام نے وائٹ ہاؤس کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کیے اور تعلقات کو نئی سمت دی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکا نے انسداد دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات کو سراہا اور پاکستان کی سفارت کاری کی بدولت کالعدم تنظیم بی ایل کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا۔
اخبار کے مطابق پاکستان نے امریکا کو کرپٹو منصوبوں اور معدنیات کی ترقی میں شراکت کی پیشکش کی ہے، جس پر صدر ٹرمپ نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ انڈیا کے ساتھ جنگ بندی کے بعد پاک امریکا تعلقات میں مزید تیزی آئی ہے اور یہ پیش رفت دونوں ممالک کے لیے مستقبل میں مثبت اثرات مرتب کرے گی۔