پاکستانی گلوکارہ قرۃ العین بلوچ، جو شوبز انڈسٹری میں کیو بی کے نام سے بھی جانی جاتی ہیں، دیوسائی نیشنل پارک میں جنگلی ریچھ کے حملے میں زخمی ہو گئیں۔
اطلاعات کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے دوستوں کے ساتھ پارک میں کیمپنگ کر رہی تھیں۔ دوران کیمپنگ اچانک ایک جنگلی ریچھ ان کے قریب آیا اور حملہ کردیا۔
اس دوران گلوکارہ نے خود کو بچانے کی کوشش کی لیکن ریچھ کے ناخن لگنے سے ان کے دونوں بازو زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد ان کے ساتھیوں نے فوری طور پر انہیں قریبی اسپتال منتقل کیا۔
انہیں پہلے ریجنل اسپتال اسکردو لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد دی اور مرہم پٹی کی۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کے بازوؤں پر لگنے والے زخم خوش قسمتی سے زیادہ گہرے نہیں تھے۔
Renowned Pakistani singer Quratulain Baloch has been transferred to Skardu for medical treatment after being bitten by a bear in Deosai village 'Astor' GilgitBaltistan.@GBTourism_#Deosai #GilgitBaltistan pic.twitter.com/Rlg597i4bT
— آفاق احمد 🍁 (@Ahmmed4848) September 4, 2025
ابتدائی علاج کے بعد ان کی حالت تسلی بخش قرار دی گئی اور انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔ ڈاکٹروں نے انہیں چند دن آرام کا مشورہ دیا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دیوسائی نیشنل پارک میں ریچھوں کی موجودگی عام ہے اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی جاتی ہے۔ تاہم اس طرح کے واقعات سیاحوں کے لیے تشویش کا باعث بنتے ہیں۔
قرۃ العین بلوچ پاکستان کی معروف گلوکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور ان پر حملے کی خبر سن کر مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر ان کے مداح ان کی صحت یابی کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔