آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں شارک کے حملے کے نتیجے میں ایک سرفر جاں بحق ہوگیا، یہ واقعہ گزشتہ ساڑھے تین برسوں میں اپنی نوعیت کا پہلا حادثہ ہے، جس کے بعد متعدد ساحل بند کر دیے گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ صبح 10 بجے کے قریب لانگ ریف بیچ پر پیش آیا، جہاں متاثرہ شخص اپنے دوستوں کے ساتھ سرفنگ کر رہا تھا کہ اچانک ایک بڑی شارک نے حملہ کردیا۔ وہ ساحل سے تقریباً 100 میٹر دور تھا۔
دیگر سرفرز نے اسے پانی سے نکالا تاہم زیادہ خون بہہ جانے کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ جان ڈنکن کے مطابق اس کے زخم انتہائی شدید نوعیت کے تھے۔
واضح رہے کہ جاں بحق سرفر ایک تجربہ کار کھلاڑی تھا اور پسماندگان میں بیوی اور ایک کمسن بیٹی چھوڑ گیا ہے۔ پولیس نے تباہ شدہ سر ف بورڈ کے دو حصے بھی تحویل میں لے لیے ہیں۔
A surfer has died after a large shark attacked him just off a Sydney beach, police said https://t.co/dyRNcqDVh4 pic.twitter.com/BhgNIRdYZG
— Reuters (@Reuters) September 6, 2025
حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ شارک کی کون سی قسم نے حملہ کیا۔ لائف گارڈز جَٹ اسکیز پر ساحلوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ سڈنی میں آخری بار فروری 2022 میں ایک تیراک شارک کے حملے میں ہلاک ہوا تھا، جو 1963 کے بعد پہلا واقعہ تھا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال آسٹریلیا میں شارک حملوں سے یہ چوتھی ہلاکت ہے۔