دریائے راوی میں پانی کی طغیانی نے تحصیل سندھیلیاں والی میں تباہی مچا دی، درجنوں گھر منہدم ہو گئے، متاثرہ خاندان حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔
سیلاب متاثرین کا کہنا ہے کہ ہمارا سب کچھ پانی بہا کر لے گیا، تین کچے کمرے مکمل طور پر گر گئے، اب ہم کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں لیکن نہ حکومت آئی ہے اور نہ ہی کسی ادارے نے امداد فراہم کی ہے۔
ایک متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ میں شوگر کی مریضہ ہوں، ہمارے پاس دو وقت کی روٹی بھی میسر نہیں، بارہ افراد کے خاندان کو صرف دو شاپر کھانا دیا جاتا ہے، وہ بھی ناکافی ہے۔
اہلِ خانہ نے بتایا کہ انتظامیہ صرف دعوے کر رہی ہے کہ راشن اور کھانا پہنچایا جا رہا ہے، لیکن ہمیں نہ کوئی کیمپ فراہم کیا گیا اور نہ ہی خشک راشن ملا، الٹا جب مطالبہ کرتے ہیں تو ہمارے ساتھ بدتمیزی کی جاتی ہے۔
متاثرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر شیلٹر، راشن اور ادویات فراہم کی جائیں، بصورتِ دیگر وہ شدید مشکلات سے دوچار ہو جائیں گے۔