وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے دوحہ پر حالیہ اسرائیلی حملے کے تناظر میں قطر کی قیادت اور عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے آج قطر کا ایک روزہ سرکاری دورہ کیا۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی اور اسرائیل کے اس وحشیانہ اور گھناؤنے حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نو ستمبر کو دوحہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں یہ قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ پاکستانی قیادت اور عوام کو برادر ملک قطر کے خلاف اس حملے پر سخت تشویش ہے جو کہ بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بھائی چارے کے اس جذبے کے تحت پاکستان اس مشکل وقت میں امیر قطر، شاہی خاندان اور قطر کی بہادر عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔
قطر پر اسرائیل کے حالیہ حملے کے تناظر میں اظہار یکجہتی کے لیے وزیراعظم کا دورہءِ قطر
— PTV News (@PTVNewsOfficial) September 11, 2025
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے دوحہ پر حالیہ اسرائیلی حملے کے تناظر میں قطر کی قیادت اور عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے قطر کا ایک روزہ سرکاری دورہ کیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم کی قطر کے امیر عزت… pic.twitter.com/i0PfFmM3K4
شہباز شریف نے قطری قیادت کو اسرائیل کی بلا جواز اشتعال انگیزی کے خلاف پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کی ڈھٹائی سے جاری جارحیت کو روکنا ہوگا اور امت کو اسرائیلی اشتعال انگیزیوں کے مقابلے میں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔
انہوں نے غزہ میں قیام امن کی کوششوں میں قطر کے ذمہ دارانہ و تعمیری ثالثی کے کردار کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ اسرائیلی جارحیت کی ایسی کارروائیوں کا مقصد واضح طور پر علاقائی استحکام کو نقصان پہنچانا اور جاری سفارتی اور انسانی کوششوں کو خطرے میں ڈالنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے قطر کی درخواست پر مشرق وسطیٰ کی حالیہ صورتحال پر بات کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔
انہوں نے 15 ستمبر کو غیر معمولی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی میزبانی کے قطر کے فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان نے او ائی سی کو اس سربراہی اجلاس کے شریک سپانسر اور شریک انعقاد کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم نے رواں سال کے آغاز میں انڈیا کی پاکستان پر بلاجواز جارحیت کے دوران پاکستان کے لئے قطر کی بھرپور حمایت پر امیر قطر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے اظہار یکجہتی کے لیے دوحہ کا دورہ کرنے پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن کو فروغ دینے، بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت میں قریبی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
یہ بھی پڑھیں : اگر حماس رہنما اس حملے میں بچ گئے تو اگلے میں نہیں بچ پائیں گے، اسرائیلی سفیر
واضح رہے کہ اس دورے میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔
یاد رہے کہ نو ستمبر کو اسرائیل نے حماس کی سیاسی قیادت کو دوحہ میں نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں چھ افراد شہید ہو گئے تھے۔